نیوز ڈیسک
سرینگر// قومی تحقیقاتی ایجنسی (این آئی اے)نے منگل کو حریت کانفرنس کے لیڈر ایاز اکبر کی سرینگر کے شالٹینگ علاقے میں دو جائیدادیں ضبط کرلیں ۔یہ پیشرفت این آئی اے نے عسکریت پسندی کی فنڈنگ سے متعلق ایک معاملے میں شمالی کشمیر کے ہندوارہ علاقے میں تاجر ظہور احمد وٹالی کی 17 جائیدادوں کو ضبط کرنے کے ایک دن بعد سامنے آئی ہے۔حکام نے بتایا کہ سرینگر کے مضافات میں اکبر کی جائیداد کو مئی میں نئی دہلی میں خصوصی این آئی اے عدالت کے حکم کے بعد ضبط کیا گیا ۔
ضبطی نوٹس میں بتایا گیا ہے’’ عوام کو مطلع کرنا ہے کہ شالہ ٹینگ میں سروے نمبر 31 کے تحت غیر منقولہ جائیداد یعنی 1 کنال اور 10 مرلہ اراضی اور دو منزلہ مکان محمد اکبر کھانڈے ولد عبدالرحمن کھانڈے ساکن ملورہ نزد یک امام البنا مسجد ،کے نام پر ہے۔ بطور آبادی دیہہ 31 مئی 2023 کو عدالتی احکامات کے تحت منسلک کیا گیا ہے۔ اسپیشل این آئی اے کورٹ کے آرڈر میں مزید کہا گیا ہے کہ مذکورہ شخص ملی ٹینٹوں کیلئے فنڈ جمع کررہا تھا اور وہ حزب کیساتھ قریبی رابطے میں تھا۔اس کیس میں پہلے ہی 17افراد کے خلاف چارج شیٹ داخل کی گئی ہے۔ پڑھا گیا۔حریت رہنما ایاز اکبر اس وقت نئی دہلی کی تہاڑ جیل میں نظر بند ہیں۔ اسے جولائی 2017 میں این آئی اے نے مبینہ عسکریت پسند فنڈنگ کیس میں گرفتار کیا تھا۔