عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// ریجنل ٹرانسپورٹ آفس (آر ٹی او)کشمیر نے سرینگر شہر کے دو بڑے حصوں کو نو ای-رکشا زون کے طور پر مطلع کیا ہے تاکہ ٹریفک کی نقل و حرکت کو ہموار کیا جاسکے اور تجارتی مرکز میں بھیڑ کو کم کیا جاسکے۔ریجنل ٹرانسپورٹ آفیسر کشمیر، قاضی عرفان کی طرف سے جاری کردہ ایک حکم میں، یہ فیصلہ 13 نومبر 2025 کو منعقدہ ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی (RTA) کی میٹنگ کے بعد لیا گیا تھا۔ پابندی کا اطلاق مولانا آزاد روڈ (جہانگیر چوک سے جے اینڈ کے بینک ہیڈ کوارٹر) اور ریذیڈنسی روڈ(ہری سنگھ ہائی سٹریٹ سے جے اینڈ کے بینک ہیڈکوارٹرتک ہوگا۔آرڈر میں مزید کہا گیا ہے کہ اس اقدام کا مقصد زیادہ کثافت والے زون میں گاڑیوں کی ہموار نقل و حرکت کو یقینی بنانا ہے، جہاں بار بار ای رکشہ رکنے اور سست حرکت اکثر ٹریفک کی روانی میں خلل ڈالتی ہے۔ آر ٹی او کشمیر نے خبردار کیا کہ کسی بھی خلاف ورزی پر موٹر وہیکل ایکٹ 1988 اور اس کے تحت بنائے گئے قوانین کے تحت سخت کارروائی کی جائے گی۔