عظمیٰ نیوز سروس
راجوری //ممبر قانون ساز اسمبلی راجوری افتخار احمد نے ڈک بنگلہ راجوری میں بارڈر روڈ آرگنائزیشن (بی آر او) اور جنرل ریزرو انجینئر فورس (جی ریف) کے اعلیٰ افسران کے ساتھ ایک جائزہ اجلاس کی صدارت کی۔ اس اجلاس کا مقصد اسمبلی حلقہ راجوری کے دائرہ اختیار میں جاری اور آئندہ سڑک انفراسٹرکچر منصوبوں کی پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لینا تھا۔اجلاس میں متعلقہ ٹھیکیداروں نے بھی شرکت کی جنہوں نے مختلف تعمیراتی کاموں کی صورتحال اور درپیش مشکلات پر روشنی ڈالی۔ افسران نے ایم ایل اے کو حلقہ کے مختلف علاقوں میں سڑکوں کی موجودہ حالت، جاری منصوبوں کی رفتار اور رکاوٹوں سے آگاہ کیا۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے افتخار احمد نے کہا کہ معیاری اور بہتر سڑکیں ترقی اور عوامی سہولیات کی فراہمی کے لئے نہایت اہم ہیں۔ انہوں نے متعلقہ محکموں کو ہدایت دی کہ سڑکوں کی بروقت مرمت و دیکھ بھال یقینی بنائی جائے اور سڑکوں کے ساتھ نکاسی آب کے مناسب نظام کو بھی ترجیحی بنیادوں پر تعمیر کیا جائے تاکہ بارشوں کے دوران پانی جمع ہونے اور کٹاؤ کے مسائل سے بچا جا سکے۔ایم ایل اے نے متعلقہ افسران اور اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ براہِ راست تبادلہ خیال کیا اور جاری منصوبوں کی بروقت تکمیل کے لئے واضح اور وقت مقررہ ہدایات جاری کیں۔ انہوں نے کہا کہ عوامی انفراسٹرکچر منصوبوں میں تاخیر کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی اور مختلف محکموں کے درمیان قریبی تال میل سے تمام رکاوٹوں کو دور کیا جانا چاہیے۔اجلاس کے دوران افتخار احمد نے راجوری کے صنعتی علاقے کے قریب خیورہ میں کلورٹ کی تعمیر شروع کرنے کی بھی ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ مقامی آبادی اور صنعتوں کے لیے بارشوں کے موسم میں خاص طور پر بڑی سہولت فراہم کرے گا۔بی آر او کے افسران بالخصوص او سی میجر انکت اونیال نے ایم ایل اے کو یقین دلایا کہ اجلاس میں اٹھائے گئے تمام مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ بی آر او معیاری تعمیراتی اصولوں پر عمل درآمد کو یقینی بنائے گا اور تمام ترقیاتی کام مقررہ وقت پر مکمل کیے جائیں گے۔