یو این آئی
نئی دہلی//خواتین کے عالمی دن پر ایک بڑا اعلان کرتے ہوئے وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا کہ ایل پی جی سلنڈر کی قیمتوں میں 100 روپے کی کمی کی جائے گی۔وزیر اعظم نریندر مودی نے ایک بیان میں اس بات پر زور دیا کہ اس کمی کا مقصد نہ صرف کھانا پکانے والی گیس کو مزید سستی بنانا ہے بلکہ خاندانوں کی مجموعی فلاح و بہبود اور صحت مند ماحول میں تعاون کرنا ہے۔مودی نے جمعہ کو سوشل میڈیا ہینڈل X پر پوسٹ میں کہا”آج، یوم خواتین کے موقع پر، ہماری حکومت نے ایل پی جی سلنڈر کی قیمتوں میں 100 روپے تک کمی کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ ملک بھر کے لاکھوں گھرانوں پر مالی بوجھ کو نمایاں طور پر کم کرے گا، خاص طور پر ہماری ناری شکتی کو فائدہ پہنچے گا”۔انہوں نے مزید کہا”کھانے پکانے والی گیس کو مزید سستی بنا کر، ہمارا مقصد خاندانوں کی فلاح و بہبود اور صحت مند ماحول کو یقینی بنانا ہے۔ یہ خواتین کو بااختیار بنانے اور ان کے لیے زندگی کی آسانی کو یقینی بنانے کے ہمارے عزم کے مطابق ہے‘‘۔وزیر اعظم مودی نے بھی خواتین کے عالمی دن کے موقع پر نیک خواہشات کا اظہار کیا۔پی ایم مودی نے X پر مزیدکہا”خواتین کے عالمی دن پر مبارکباد، ہم اپنی ناری شکتی کی طاقت، ہمت اور لچک کو سلام کرتے ہیں اور مختلف شعبوں میں ان کی کامیابیوں کی تعریف کرتے ہیں۔ ہماری حکومت تعلیم، صنعت کاری، زراعت، ٹیکنالوجی اور بہت کچھ میں پہل کے ذریعے خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے پرعزم ہے، یہ پچھلی دہائی میں ہمارے کارناموں سے بھی ظاہر ہوتا ہے، “۔قابل ذکر بات یہ ہے کہ مرکزی حکومت نے پردھان منتری اجولا یوجنا کے تحت ملک بھر میں 14.17 کروڑ مفت ایل پی جی ریفل فراہم کیے ہیں۔ ایک سرکاری بیان کے مطابق”حکومت نے اپریل 2020 سے دسمبر 2020 تک پردھان منتری غریب کلیان پیکیج کے تحت پی ایم یو وائی کے استفادہ کنندگان کو تین تک مفت ریفل فراہم کیے تھے۔ اس اسکیم کے تحت، ملک بھر میں 14.17 کروڑ مفت ریفل فراہم کیے گئے تھے،” ۔