سرینگر// گورنر کے مشیر خورشید احمد گنائی نے فوڈ کارپوریشن آف انڈیا اور تیل کمپنیوں کو ہدایت دی ہے کہ وہ وادی میں معقول سپلائی کی دستیابی کو یقینی بنائیں۔مشیر موصوف نے آج ایف سی آئی گودام لیتھ پورہ کا دورہ کر کے وہاں سٹاک اور سپلائی پوزیشن کا جائیزہ لیا۔انہوں نے ایچ پی سی ایل پلانٹ کا بھی معائنہ کیا۔اس دوران انہیں بتایا گیا کہ پانپور میں80 ہزار ایل پی جی سلینڈروں کا سٹاک موجود ہے اور150 تیل ٹینکر جموں سے سرینگر کی طرف آرہے ہیں۔دریں اثنا انہوں نے ایف سی اہلکاروں کو ہدایت دی کہ وہ وادی میں غذائی اجناس کا وافر سٹاک دستیاب کرائیں تا کہ لوگوں کو دقتوں کا سامنا نہ کرنا پڑے۔انہوں نے کہا کہ ٹریفک حکام کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ ٹرکوں کی آزادانہ نقل و حمل کو یقینی بنائیں۔اس موقعہ پر ڈائریکٹر سی اے پی ڈی محمد قاسم وانی اور ڈپٹی ڈائریکٹر پیرزادہ ظہور بھی مشیر موصوف کے ہمراہ تھے۔