مہور//ایس ڈی ایم مہور چودھری محمد یاسین نے آج علاقہ گلاب گڑھ میں رنگلائی کے مقام پر ایک عوامی دربار منعقد کیا۔ اس موقعہ پر ایس ڈی ایم کے ہمراہ تحصیلدار مہور منشی رام اور ایس ڈی پی او مہور مجیب ارحمان بٹ کے علاوہ مختلف محکمہ جات کے افسران بھی موجود تھے۔ ایس ڈی ایم کو لوگوں نے اپنے درپیش مشکلات سے آگاہ کیا۔ موصوف نے ہر پنچایت کے تحت عوام کے مسائل سْنے جس میں پانی کی سپلائی، بجلی کے بغیر گاؤںمیں بجلی پہنچانا ،سردیوں کے موسم میں تین ماہ کی راشن سٹور کرنا، سڑکوں کی خستہ حالت کے مسائل قابل ذکر رہے۔ گاؤں گلاب گڑھ سے لوگوں نے ایس ڈی ایم کو بتایا کہ محکمہ پی ڈی ڈی نے ان کو بجلی سے محروم رکھا ہے جس کے جواب میں اے ای ای پی ڈی ڈی نے بتایا کہ گاؤں گلاب گڑھ میں ایک ٹرانسفارمر پہنچایا گیا ہے جبکہ دوسرا ٹرانسفارمر ایک ماہ کے اندر پہنچایا جائے گا۔ دیول نہوچ سے لوگوں نے ایس ڈی ایم کو یتایا کہ بل سے نہوچ دیول سڑک گزشتہ کچھ ماہ سے زیر التواء میں پڑی ہے جس میں بودناڑ کے مقام پر جلد از جلد پْل تعمیر کیا جائے اور دو کلومیٹر سڑک جو بل سے نہوچ دیول کو جوڑنے میں باقی ہے کو جلد مکمل کیا جائے تاکہ سڑک قابل آمد ورفت بن سکے اور عوام اس بوجھ کو اپنی پیٹھ سے اْتار سکے جو وہ قدیم زمانے سے پچاس ساٹھ کلومیڑ دور سے اْٹھاکر لاتے آرہے ہیں۔ لوگوں نے ایس ڈی ایم سے مانگ کئی کہ تین ماہ کی راشن کو ہر گاؤں میں پہنچاکر سٹور کیا جائے کیوں کہ برف گرنے کا موسم قریب ہے جس سے سڑک رابطے بند ہو جاتے ہیں اور پھر راشن کا دستیاب ہونا مشکل ہوجاتا ہے۔ عوام نے ایس ڈی ایم کو اس بات سے بھی آگاہ کیا کہ بی پی ایل کے مستحق افراد کو بی پی ا یل فہرستوں سے نکال کر اے پی ایل فہرستوں میں شامل کیا گیاہے جب کہ کچھ لوگوں کو راشن کی فہرستوں سے نکال ہی دیاگیاہے۔ اس پر موصوف نے ٹی ایس او مہور نظیر احمد کو ہدایت دی کہ وہ ایک ٹیم تشکیل دیکر ہر پنچایت میں ایک ایک دن کا کیمپ منعقد کر کے بی پی ایل کے مستحق افراد کو بی پی ایل فہرستوں میں شامل کریں اور جن کا راشن فہرستوں میں نام نہیں ہے ان کو بھی راشن فہرست میں لایا جائے۔ ایس ڈی ایم چودھری محمد یاسین نے عوام کے مسائل کو غور سے سْننے کے بعد متعدد چھوٹے مسائل کو موقعہ پر ہی حل کرنے کی افسران کو ہدایت دی اور عوام کو یقین دلایا کہ اْن کے تمام مسائل و مشکلات کو مرحلہ وار طریقے سے ازالہ کرنے کی برپور کوشش کئی جائیگی۔