عظمیٰ نیوز سروس
راجوری // پہاڑی برادری سے تعلق رکھنے والے ایس ٹی۔ٹو زمرے کے طلباء نے جمعہ کو اسکالرشپ میں تاخیر پر زبردست احتجاج درج کیا۔ احتجاجی طلباء نے اکھل بھارتیہ ودیارتھی پریشد کی قیادت میں ڈک بنگلہ راجوری کے سامنے بھوک ہڑتال شروع کی اور محکمہ قبائلی امور کے خلاف سخت نعرے بازی کی۔طلباء کا کہنا تھا کہ اسکالرشپ کی رقم کی ادائیگی میں غیر معمولی تاخیر نے ان کی تعلیمی سرگرمیوں کو بری طرح متاثر کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اکثر طلباء غریب اور پسماندہ طبقے سے تعلق رکھتے ہیں جو اپنی فیس اور دیگر اخراجات پورا کرنے کے لئے اسی وظیفے پر انحصار کرتے ہیں، لیکن اس برس تاخیر نے انہیں شدید مشکلات میں ڈال دیا ہے۔طلباء نے مطالبہ کیا کہ اسکالرشپ کی زیرِ التواء رقم فوری طور پر جاری کی جائے تاکہ ان کی تعلیم متاثر نہ ہو۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت کی غفلت کی وجہ سے وہ ذہنی دباؤ اور مالی تنگی کا شکار ہیں۔بعد ازاں ڈسٹرکٹ سوشل ویلفیئر آفیسرراجوری عبد الرحیم بمعہ پولیس افسران موقع پر پہنچے اور طلباء سے بات چیت کی۔ انہوں نے مظاہرین کو یقین دہانی کرائی کہ ان کی شکایات کو محکمہ قبائلی امور تک پہنچا دیا گیا ہے اور اس سلسلے میں فوری کارروائی کی جائے گی۔افسران کی یقین دہانی کے بعد احتجاجی طلباء پرامن طور پر منتشر ہو گئے، تاہم انہوں نے خبردار کیا کہ اگر ان کے مسائل جلد حل نہ ہوئے تو وہ دوبارہ احتجاجی مظاہرے کرنے پر مجبور ہوں گے۔