عاصف بٹ
کشتواڑ//عوام کی شمولیت کو مضبوط بنانے اور مقامی مسائل کو حل کرنے کی کوشش کے تحت ایس ایس پی کشتواڑ خلیل پوسوال نے دچھن کے علاقے کا دورہ کیا جس دوران تھانہ دیوس پروگرام کا انعقاد کیاگیا۔دورے کے دوران ایس ایس پی کشتواڑ نے علاقے میں سیکورٹی صورتحال کا جائزہ لیا اور پولیس سٹیشن دچھن کے کام کاج کا معائنہ کیا اور ان یونٹوں میں تعینات افرادی قوت کو ضروری ہدایات فراہم کیں۔ اس کے بعد ایس ایس پی کشتواڑ نے ایس ایچ او پی ایس دچھن انسپکٹر ظہیر اقبال کے ہمراہ گاؤں پنجدھارا میں تھانہ دیوس پروگرام کا انعقاد کیا جس میں کمیونٹی کے معزز ممبران بشمول سرپنچ، پنچ، سینئر سول سوسائٹی کے نمائندوں، دکاندار انجمنوں اور ڈی ایچ او کے معززین نے شرکت کی۔ شرکاء نے کئی اہم مسائل کو اٹھایا۔ ایس ایس پی کشتواڑ نے صبر و تحمل کا مظاہرہ کرتے ہوئے شرکاء کی طرف سے اٹھائے گئے خدشات کو توجہ سے سنا۔ انہوں نے انہیں یقین دلایا کہ پولیس سے متعلقہ معاملات کو اولین ترجیح دی جائے گی اور سول انتظامیہ سے متعلق مسائل کو فوری حل کے لیے ضلعی انتظامیہ کے ساتھ اٹھایا جائے گا۔پروگرام کے دوران خلیل پوسوال نے شرکاء پر زور دیا کہ وہ امن و امان کو برقرار رکھنے میں پولیس اور انتظامیہ کے ساتھ تعاون کریں۔انہوں نے خطے کے تحفظ اور سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے ملک دشمن اور سماج دشمن عناصر کی نشاندہی اور ان کی اطلاع دینے کی اہمیت پر زور دیا۔ شرکاء کو سائبر کرائمز سے منسلک خطرات اور سائبر مجرموں کے طریقہ کار کے بارے میں روشن خیال کیا گیا۔ دورے کے دوران ایس ایس پی نے ہائر سیکنڈری سکول پنجدھارہ کا دورہ کیا جہاں انہوں نے طلباء کے ساتھ ایک انٹرایکٹو سیشن کیا۔