سرینگر//سکولی تعلیم کے وزیر چوہدری ذوالفقار علی نے تعلیم کے وزیر مملکت کی سربراہی میں ایک کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت دی ہے جو15 روز کے اندر ایس ایس اے اساتذہ کی التواءمیں پڑی تنخواہوں کے معاملے کو حل کرے گی۔وزیر محکمہ تعلیم کے مختلف ملازمین کی انجمنوں کےساتھ تعارفی میٹنگ کے دوران خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ایس ایس اے سکیم کے اساتذہ کو وقت پر تنخواہیں نہ ملنے سے انہیں مشکلات سے دوچار ہونا پڑتا ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیر مملکت شکتی راج پریہار اس کمیٹی کی سربراہی کریں گے جبکہ سیکریٹری تعلیم فاروق احمد شاہ، ڈائریکٹر ایس ایس اے اور ڈائریکٹر آر ایم ایس اے کمیٹی کے ممبر ہوں گے۔وزیر نے کہا کہ اساتذہ طُلاب کو معیاری تعلیم سے روشناس کرا کے قوم کی تعمیر میں اپنا بھرپور رول ادا کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اساتذہ طُلاب کو زیور تعلیم سے آراستہ کرنے کے ساتھ ساتھ اُن اخلاقی اقدار اور اعتماد بھی بڑھاتے ہیں۔