جموں//وزیر خزانہ ڈاکٹر حسیب اے درابو نے کہا ہے کہ محکمہ خزانہ ایس آر او 202 سے متعلق تحفظات کا ازسر نو جائزہ لے گا اور عنقریب ہی (رواں مالی سال کے دوران)ایک نقش راہ وضع کی جائے گی تاکہ ایسے ملازمین کے معاملات حل کئے جاسکیںاور انہیں مستقبل میں دی جانے والی مراعات اور مالی فوائد دئیے جانے کی راہ ہموار ہوسکے۔وزیر نے اِن باتوں کا اِظہارجموں میں ایس آر او 202کے تحت آنے والے ملازمین کے نمائندوں کے ساتھ ایک میٹنگ کے دوران کیا۔ وفد نے ایس آر او 202 ملازمین کے حوالے سے وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کے حالیہ بیان کے تناظر میں وزیر خزانہ کے ساتھ ملاقات کی ۔ڈاکٹر درابو نے انہیں یقین دلایا کہ ا ن کے معاملات پر غور کیا جائے گااور انکی شکایات کا ازالہ کرنے کیلئے عنقریب ہی ایک نقش راہ تیار کیا جائے گا۔واضح رہے کہ اس ایس آر او کے تحت بھرتی ہونے والے ملازمین کو پہلے 5برسوں کے دوران بہت کم تنخواہ دی جاتی ہے جس پر بے روزگار نوجوانوں نے احتجاج کیا ہے۔