عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر //ایس آئی اے نے جمعرات کو ریذیڈنسی روڈ جموں پر واقع روزنامہ کشمیر ٹائمز کے ہیڈ آفس پر چھاپے مارا اور تلاشی لی۔ایجنسی کی جانب سے جاری ایک بیان میں دعویٰ کیا گیا کہ ایگزیکٹیو مجسٹریٹ کی موجودگی میں چھاپے میڈیا ہائوس کشمیر ٹائمز کے خلاف جموں و کشمیر کے اندر اور باہر کام کرنے والے علیحدگی پسندوں اور دیگر ملک دشمن اداروں کے ساتھ مجرمانہ سازش میں ملوث ہونے کے الزام میں درج کیے گئے مقدمے کی تحقیقات کے تسلسل میں کیے گئے ۔بیا ن میں کہا گیا ہے کہ اس مخصوص میڈیا پلیٹ فارم کو مبینہ طور پرملی ٹینسی اور علیحدگی پسند نظریہ، اشتعال انگیز، من گھڑت اور جھوٹی خبریں پھیلانا، جموں و کشمیر کے نوجوانوں کو بنیاد پرست بنانے کی کوشش، عدم اطمینان اور علیحدگی پسند جذبات کو بھڑکانا،امن عامہ کو خراب کرنا، اور پرنٹ و ڈیجیٹل مواد کے ذریعے ہندوستان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کو چیلنج کرنے پر ایف آئی آر درج ہے۔بیان میں یہ بھی دعویٰ کیا گیا ہے کہ جموں کے ریذیڈنسی روڈ پر واقع کشمیر ٹائمز کے دفتر کے احاطے میں چھاپے اور تلاشی کے دوران ایک ریوالور ،اے کے سیریز کے 14 خالی خول، 3 لائیو اے کے رائونڈز ، 4 فائر کی گئی گولیاں ، 3 گرینیڈ سیفٹی لیور اور 3 مشتبہ پستول رائونڈز(بظاہر) برآمد کیا گیا۔بیان کے مطابق’’تمام برآمد شدہ اشیا کو قانونی طریقہ کار کے بعد موقع پر ہی قبضے میں لے لیا گیا۔ یہ بازیابیاں ممکنہ غیر قانونی قبضے اور شدت پسند یا ملک دشمن عناصر کے ساتھ مشتبہ تعلق کی نشاندہی کرتی ہیں، مزید تفصیلی تفتیش جاری ہے‘‘۔اسی تحقیقات کے تحت جموں کے گاندھی نگر میں واقع میڈیا ہائوس کے مالک پربودھ جموال کے گھر کی تلاشی بھی لی گئی۔ضبط شدہ اسلحہ، گولہ بارود، ڈیجیٹل ڈیوائسز اور دستاویزات کی فارنزک اور تکنیکی جانچ کی جائے گی تاکہ ان کی اصلیت، مقصد اور کالعدم تنظیموں یا افراد سے کسی بھی ممکنہ تعلق کا تعین کیا جا سکے۔ تفتیش بدستور متحرک ہے اور ابھرتے ہوئے شواہد کی بنیاد پر مزید کارروائی کی جائے گی۔