سرینگر//حریت (ع)،انجمن شرعی شیعیان، اتحاد المسلمین اورجامعہ امام زمان(عج)نے ایران اور عراق میں آئے خوفناک زلزلے کے نتیجے میں بڑے پیمانے پر قیمتی جانوں کے زیاںاورہزاروں افراد کے شدید زخمی ہو جانے پر گہرے دکھ اور صدمے کا اظہار کرتے ہوئے متاثرین کے ساتھ دلی ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کیا ہے ۔حریت (ع)چیئرمین میرواعظ ڈاکٹر مولوی محمد عمر فاروق نے گہرے دکھ اور صدمے کا اظہار کرتے ہوئے اپنی اور کشمیری عوام کی جانب سے متاثرین کے ساتھ دلی ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کیا ہے ۔میرواعظ نے ایرانی اور عراقی عوام کو یقین دلایا کہ قدرتی آزمائش کی ان گھڑیوں میں وہ ان کے ساتھ ہیں۔ میرواعظ نے زخمیوں کی فوری صحتیابی کیلئے اللہ تعالیٰ سے خصوصی دعا کی۔انجمن شرعی شیعیان کے سربراہ اور سینئر حریت لیڈر آغا سید حسن نے زلزلے میں وسیع پیمانے پر املاک اور جانی نقصان پر گہرے صدمے کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق ہوئے افراد کے لواحقین، ایران کے سپریم لیڈر سید علی خامنہ ای اور آیت اللہ العظمیٰ سید علی سیستانی سے تعزیت کی ہے۔زلزلے سے بے گھر ہوئے خاندانوں سے یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے آغا حسن نے کہا کہ کشمیر ی مسلمانوں کو ایران و عراق کی سرزمین سے عقیدتی وابستگی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سرزمین کشمیر میں اسلام کی تبلیغ و تشہیر میںان دو ممالک کا خاص رول ہے لہٰذا ایران وعراق میں رونما ہونے والے کسی بھی سانحہ پر اہلیان کشمیر کے دل رنجیدہ ہونا ایک فطری امر ہے۔ آغا حسن نے کہا کہ مصیبت اور آزمائش کی اس گھڑی میں کشمیری عوام ایرانی اور عراقی عوام کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں۔ اتحاد المسلمین کے سرپرست اعلیٰ اورسینئر حریت لیڈر مولانامحمد عباس انصاری نے زلزلے سے ہوئی تباہی اور قیمتی جانوں کے زیاں پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے دونوں ممالک کی حکومتوں اور عوام کے ساتھ اس انسانی سانحہ پر اپنی گہری ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔ انصاری نے ایران اور عراق کی حکومتی سربراہوں کے نام اپنے تعزیتی بیان میں کہا ہے کہ یہ خوفناک زلزلہ اگر چہ قدرتی آفات کے زمرے میں آتا ہے تاہم اس سانحہ میں قیمتی جانوں کے زیاں پرکشمیریوں کو شدید دکھ پہنچا ہے۔ جامعہ امام زمان (عج)نوگام سوناواری کے چیئرمین آغا سید شوکت مدنی نے زلزلے سے ہوئی تباہی اور انسانی جانوں کے اتلاف پر گہرے رنج وغم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ خبر انتہائی تکلیف دہ ہے ۔انہوں نے ایرانی و عراقی عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا ہے ۔