عظمیٰ نیوز ڈیسک
تہران// ایران میں میتھین گیس دھماکے میں کوئلے کی کان بیٹھ گئی جس میں 70کے قریب کان کن دب گئے۔ایران کی سرکاری میڈیا کے مطابق دھماکہ جنوبی صوبے خراسان میں کوئلے کی کان میں ہوا۔ امدادی کاموں کے دوران 45 سے زائد کان کنوں کو شدید زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا۔کوئلے کی کان میں اب بھی 25کان کن دبے ہوئے ہیں جبکہ ہسپتال لائے گئے کان کنوں میں سے ابتدائی طور پر 30 کی ہلاکت کی تصدیق کردی گئی دیگر 17زخمیوں کو انتہائی نگہداشت کے وارڈ میں داخل کیا گیا۔بعد ازاں کوئلے کی کان میں دبے ہوئے مزید کان کنوں کی لاشوں کو نکالا گیا جس سے ہلاکتوںکی تعداد 51تک جا پہنچی جب کہ زخمیوں میں سے 7 کی حالت نازک ہونے کے باعث ہلاکتوں میں مزید اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ایران میں کوئلے کی کان کے حادثات ناقص انفرا اسٹریکچر اور حفاظتی تدابیر اختیار نہ کرنے کے باعث عام ہیں۔یاد رہے کہ ایران تیل پیدا کرنے کے ساتھ ساتھ مختلف قسم کی معدنیات سے بھی مالا مال ہے اور سالانہ تقریبا 1.8 ملین ٹن کوئلہ بھی نکالتا ہے تاہم اس کی ضرورت 3.5 ملین ٹن ہے۔اس کمی کو پورا کرنے کیلئے ایران کو بڑی تعداد میں کوئلہ درآمد بھی کرنا پڑتا ہے جو ملک کی اسٹیل ملوں میں استعمال ہوتا ہے۔
نئے بیلسٹک میزائل کی رونمائی | 1000کلومیٹر تک مار کرنے کی صلاحیت
یو این آئی
تہران//ایران کے اسلامی انقلابی گارڈز کور(آئی آر جی سی)نے مقامی طور پر تیار کردہ بیلسٹک میزائل ‘جہاد’ کی نقاب کشائی کی ہے جس کی 1000کلومیٹر تک مار کرنے کی صلاحیت ہے۔ایران کی سرکاری خبر رساں ایجنسی ‘ارنا’نے آج یہ اطلاع دی۔ہفتہ کو 1980-1988 کی ایران عراق جنگ کی سالگرہ کے موقع پر سالانہ پریڈ ‘جہاد’ کی نمائش کی گئی۔مزید برآں، آئی آر جی سی نے 4,000 کلومیٹر کی رینج کے ساتھ ایک نئے ڈرون کی بھی نمائش کی۔ اسرائیل کے ساتھ جاری کشیدگی کے درمیان پریڈ میں کئی بیلسٹک میزائلوں کی بھی نمائش کی گئی۔ایرانی صدر مسعود پیزشکیان نے اس موقع پر اتحاد پر زور دیا جبکہ آئی آر جی سی نے ‘اسرائیل اور امریکہ کے خلاف’ جیسے نعروں والے بینرز آویزاں کئے تھے۔