عظمیٰ مانیٹرنگ ڈیسک
عدیس ابابا// افریقی ملک ایتھوپیا میں مسافروں سے بھرا ٹرک دریا میں گرنے کے نتیجے میں کم از کم 71 افراد ہلاک ہو گئے ۔ دارالحکومت عدیس ابابا سے تقریباً 300 کلومیٹر جنوب میں واقع ریاست سداما میں مسافروں سے بھرا ٹرک دریا میں گرا۔ریجنل کمیونیکیشن بیورو کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ حادثہ بونا ضلع میں پیش آیا، چیف انسپکٹر ڈینیئل سانکورا کے حوالے سے فیس بک پوسٹ میں سداما پولیس کمیشن ٹریفک پریوینشن اینڈ کنٹرول ڈائریکٹوریٹ نے کہا کہ حادثے میں اب تک 68 مرد اور 3 خواتین کی موت کی تصدیق ہوچکی ہے ۔انہوں نے کہا کہ 5 افراد کی حالت تشویش ناک ہے اور وہ بونا جنرل ہسپتال میں زیر علاج ہیں۔ریجنل کمیونیکیشن بیورو نے اتوار کو رات گئے اپنے بیان میں ہلاکتوں کی تعداد 60 بتائی تھی اور یہ بھی کہا تھا کہ زندہ بچ جانے والوں کا بونا جنرل ہسپتال میں علاج کیا جا رہا ہے ۔سداما ریجنل ہیلتھ بیورو کی جانب سے شیئر کی جانے والی دھندلی تصاویر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ لوگوں کی ایک بڑی تعداد ایک گاڑی کے ارد گرد موجود ہے ، جو جزوی طور پر پانی میں ڈوبی ہوئی ہے اور بہت سے لوگ بظاہر اسے پانی سے نکالنے میں مدد کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔افریقہ کے دوسرے سب سے زیادہ آبادی والے ملک ایتھوپیا میں سڑک حادثات عام ہیں، جہاں سڑکوں کی دیکھ بھال اکثر خراب ہوتی ہے ۔2018 میں ایتھوپیا کے پہاڑی علاقے میں ایک بس کھائی میں گرنے سے کم از کم 38 افراد ہلاک ہو گئے تھے جن میں زیادہ تر طلبہ تھے ۔