نیوز ڈیسک
ڈبرو گڑھ (آسام)// مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے منگل کو زور دے کر کہا کہ اگلے سال ہونے والے عام انتخابات میں بی جے پی پورے ملک میں 300 سے زیادہ لوک سبھا سیٹیں جیت لے گی اور وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں اقتدار میں واپس آئے گی۔ ایک ریلی سے خطاب کرتے ہوئے، انہوںنے اعتماد ظاہر کیا کہ زعفرانی پارٹی شمال مشرقی ریاست میں لوک سبھا کی 14 میں سے 12 سیٹیں جیت لے گی۔کانگریس پر سخت حملہ کرتے ہوئے، شاہ نے کہا، “شمال مشرق کو کبھی کانگریس کا قلعہ سمجھا جاتا تھا لیکن راہل گاندھی کی یاترا (بھارت جوڑو یاترا) کے باوجود، پارٹی خطے کی تین ریاستوں میں حالیہ اسمبلی انتخابات میں اچھی کارکردگی دکھانے میں ناکام رہی۔ “میگھالیہ، تریپورہ اور ناگالینڈ میں اسمبلی انتخابات ہوئے۔ بی جے پی نے تریپورہ میں حکومت بنائی، اور دیگر دو ریاستوں میں اتحادی شراکت دار کے طور پر اقتدار میں آئی۔شاہ نے کہا، “انہوں نے (گاندھی) بیرونی سرزمین سے ہندوستان کی توہین کی۔ اگر وہ اسی طرح جاری رہے تو کانگریس نہ صرف شمال مشرق بلکہ پورے ملک سے وائٹ واش ہو جائے گی۔انہوں نے کہا، ’’وہ وزیر اعظم نریندر مودی کو جتنا برا بھلا کہیں گے، بی جے پی اتنی ہی ترقی کرے گی۔‘‘شاہ نے کہا کہ متنازعہ آرمڈ فورسز (خصوصی اختیارات) ایکٹ، 1958 یا AFSPA کو آسام کے 70 فیصد علاقے سے ہٹا دیا گیا ہے، جبکہ بوڈولینڈ اور کاربی انگلونگ کے علاقے پرامن ہیں اور پڑوسی صوبوں کے ساتھ ریاست کے سرحدی تنازعات کو حل کیا جا رہا ہے۔