عاصف بٹ
کشتواڑ//لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا نے کشتواڑ کا دورہ کیا اور چندی ماتا مچیل شرائین پر حاضری دی۔اُنہوں نے دورے کے دوران عقیدت مندوں کو دی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا او رمقامی باشندوں کے وفود سے بھی اِستفساری گفتگو کی۔لیفٹیننٹ گورنر نے گلاب گڑھ پاڈر میں پی آر آئی نمائندوں اور شہریوں سے خطاب کیا اور کشتواڑ کی ہمہ گیر ترقی کے لئے جموںوکشمیر یوٹی اِنتظامیہ کی کوششوں کا اشتراک کیا۔اُنہوں نے کہا کہ اِنتظامیہ مساوی ترقی ، کمیونٹیوں کی ضروریات کو پورا کرنے اور اِس بات کو یقینی بنانے کے لئے پُر عزم ہے کہ معاشرے کا کوئی بھی طبقہ پیچھے نہ رہے ۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہام’’گزشتہ تین برسوں میں ہم نے کشتواڑ کے لوگوں کے خدشات کو دور کرنے، روزگار کے مواقع کو بڑھانے اور دیہی علاقوں میں رابطے کو بہتر بنانے کے لئے بہت سے اقدامات کئے ہیں۔‘‘
اُنہوں نے کہا کہ تین دہائیوں کے وقفے کے بعد سنیما تھیٹر کی بحالی، بہتر سڑک اور مواصلاتی رابطے، بہتر بجلی کا بنیادی ڈھانچہ، بہتر صحت، کھیل اور تعلیمی سہولیات ضلع کے لوگوں کے معیار زندگی کو تبدیل کرنے کے لئے حکومتی عزم کا ثبوت ہیں۔لیفٹیننٹ گورنر نے مچیل ماتا کی یاترا کے لئے بنیادی ڈھانچے اور سہولیات کو مضبوط بنانے کے لئے کئے گئے اقدامات پر بات کرتے ہوئے عقیدت مندوں کے لئے ہموار اور بغیر کسی رکاوٹ کے یاترا کو یقینی بنانے کے لئے جموں وکشمیر یوٹی اِنتظامیہ کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ سڑک، سولر اَنرجی اور عقیدت مندوںکے لئے خیمے والی رہائش کی تعمیر نے آمد کو بڑھاوا دیا ہے اور اس برس کی تعداد ایک لاکھ سے زیادہ یاتریوں کو عبور کر چکی ہے۔لیفٹیننٹ گورنر نے نیلم کی کانوں کے سروے، جیمولوجیکل سٹیڈیز کے لئے تعاون فراہم کرنے کے لئے وزیر اعظم نریندر مودی اورمرکزی حکومت کا شکریہ ادا کیا۔انہوں نے کہا کہ اگلے ایک برس میں ہم نیلم کی کانوں کو سائنسی طریقے سے نیلام کرنے کی پوزیشن میں ہوں گے جس سے مقامی معیشت کو فروغ ملے گا اور یہ جموں کشمیر کی ترقی میں اہم شراکت داروں میں سے ایک بن جائے گی۔لیفٹیننٹ گورنر نے پی آر آئی اور مقامی لوگوں کی طرف سے بات چیت کے دوران پیش کئے گئے تمام عوامی مطالبات پر بروقت اور مناسب کارروائی کا یقین دلایا۔ اُنہوں نے پرنسپل سیکرٹریوں ہائر ایجوکیشن اور پبلک ورکس (آر اینڈ بی) کو بھی ہدایت دی کہ وہ تمام شراکت داروں کی مشاورت سے اپنے متعلقہ محکموں کے مسئلے کو جلد از جلد حل کرنے کے لئے ٹھوس اقدامات کریں۔لیفٹیننٹ گورنر نے ضلع کے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ حکومت کی ہوم سٹے سکیموں کے تحت مراعات حاصل کریں۔اُنہوںنے پاڈر میں بدھ گونپا کا بھی دورہ کیاجہاں اُنہوںنے بھگوان بدھ کا آشیرواد حاصل کیا اور بدھ کمیونٹی کے ارکان سے بات چیت کی۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا،’’بدھ کمیونٹی ہمارے معاشرے کا ایک لازمی اور مساوی حصہ ہے۔ وسائل پر ان کے تمام حقوق ہیں۔ اِنتظامیہ کنبوں کی ہمہ گیر ترقی اور بااِختیار بنانے کے لئے ہر ممکن مدد فراہم کرے گی۔‘‘