عظمیٰ نیوزسروس
ماگام // اگری کلان ماگام علاقے میں پینے کے صاف پانی کی عدم دستیابی سے مقامی آبادی کو پریشانیاں لاحق ہو گئی ہے ۔ اس دوران تنگ آمد بہ جنگ آمد علاقے کی خواتین نے گھروں سے باہر نکل کر گلمرگ ناربل شاہراہ پر دھرنا دیا اور احتجاج کیا ۔ احتجاجی خواتین نے ماگام گلمرگ روڑ پر دھرنا دیکر حکام کے خلاف زو ر دار نعر ہ بازی کی اور مطالبہ کیا کہ علاقے میں جلد از جلد پانی کی سپلائی بحال کی جائے ۔ اس موقعہ پر احتجاجی خواتین نے کہا کہ انہیںپینے کے صاف پانی کی عدم دستیابی کو لیکر کافی پریشانیاں درپیش ہیں اور سردیوں کے ان ایام میں بھی ان کو پینے کیلئے ایک پانی کا قطرہ بھی میسر نہیں ہے جس کے نتیجے میں وہ ندی نالوں کا گندہ پانی پینے کیلئے مجبور ہو رہے ہیں ۔ احتجاجی خواتین کا کہنا ہے کہ بہت سے گھرانوں کو پینے کے صاف پانی سے محروم کر دیا گیا ہے۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ حکام کو بار بار کی درخواستوں کا جواب نہیں ملا۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر اس مسئلے کو جلد حل نہ کیا گیا تو بحران مزید شدت اختیار کر سکتا ہے اور انتظامیہ پر زور دیا کہ وہ جلد از جلد پانی کی سپلائی بحال کرے اور خلل کی بنیادی وجوہات کو دور کرے۔ادھر سیول اور پولیس انتظامیہ کے افسران موقع پر پہنچ گئے اور مظاہرین کو یقین دلایا کہ مسئلہ حل کیا جائے گا۔