عارف بلوچ
اننت ناگ// اکہال کولگام میں انسداد ملی ٹینسی آپریشن منگل کو پانچویں دن میں داخل ہو گیا جب سیکورٹی فورسز کیساتھ مسلح جھڑپ جاری ہے۔حکام نے منگل کے روز گائوں کے کچھ لوگوں کو وہاں سے نکال لیا جنہیں طبی امداد کی ضرورت تھی۔پولیس نے بتایا کہ، انکائونٹر اپنے پانچویں دن میں داخل ہو گیا کیونکہ وقفے وقفے سے فائرنگ کا تبادلہ جاری ہے۔انہوں نے کہا کہ سیکورٹی فورسز ملی ٹینٹوں کا سراغ لگانے کے لیے ڈرون اور ہیلی کاپٹروں سمیت تمام ذرائع استعمال کر رہی ہیں۔جمعہ کو شروع ہونے والے انکائونٹر میں ایک ملی ٹینٹ مارا گیا جبکہ سیکورٹی فورسز کے کم از کم 6 اہلکار زخمی ہوئے ہیں۔ فوج کی 9آر آر، پولیس اور سی آر پی ایف18بٹا لین کی مشترکہ کارروائی اس وقت شروع ہوئی جب اکہال دیوسر کولگام کے ایک جنگلاتی علاقے میں ملی ٹینٹوں کی موجودگی کے بارے میں مخصوص انٹیلی جنس اطلاعات کے بعد محاصرے اور تلاشی کی کارروائی شروع کی گئی۔حکام نے بتایا کہ جمعہ کی شام دونوں فریقوں کے درمیان ابتدائی فائرنگ کے تبادلے کے بعد، کارروائی رات کے لیے روک دی گئی۔حکام نے بتایا کہ ہفتے کی صبح فائرنگ دوبارہ شروع ہوئی۔انہوں نے مزید کہا کہ آپریشن ابھی جاری ہے۔