سرینگر//جسمانی طور ناخیز افرادنے سوموار کو اپنے مطالبات منوانے کے حق میں سول لائنز میں احتجاجی ریلی نکالی اور پریس کالونی سے ڈویژنل کمشنر آفس تک مارچ کیا ۔جموں وکشمیر ہینڈی کیپڈ ایسو سی ایشن کے بینر تلے جسمانی طور ناخیز درجنوں افرادپریس کالونی میں جمع ہوئے اور اپنے مطالبات کو لیکراحتجاجی ریلی نکالی۔ہاتھوں میں پلے کارڈس اور بینر لئے سرکار مخالف اور اپنی مانگوں کو لیکر نعرے لگاتے ہوئے احتجاجیوں نے پریس کالونی سے ڈویژنل کمشنر آفس تک مارچ کیا اورالزام لگایا کہ ریاست کی متواتر حکومتیں معذور افراد کو انصاف کی فراہمی میں ناکام ثابت ہوئی ہیں۔انہوں نے کہا کہ جسمانی طور معذور شخص کو سرکار کی طرف سے صرف 1000روپے ماہانہ وظیفہ ملتا ہے جس پر ان کا گذارا نہیں ہوتا ہے۔ایسو سی ایشن کے صدرعبدالرشید بٹ نے سرکار پر ان کی زندگیوں کے ساتھ کھلوارڑ کا الزام لگاتے ہوئے بتایا کہ ایک طرف سرکار معذور افراد کی باز آباد کاری کے بلند بانگ دعوے کررہی ہے اور دوسری طرف گذشتہ کئی برسوں سے انہیں سرکار کی طرف سے صرف یقین دہانیاں مل رہی ہیں۔