جموں//اپنی پارٹی صدر سید محمد الطاف بخاری نے کہا ہے کہ ان کی جماعت کے ترقیاتی ایجنڈے کو جموں وکشمیر کے سبھی خطوںکی حمایت حاصل ہے۔ وہ پارٹی دفتر گاندھی نگر میں ایک جوائننگ پروگرام کے دوران پارٹی لیڈروں اور کارکنوں سے خطاب کر رہے تھے جس میں ضلع کشتواڑ کے اسمبلی حلقہ اندروال سے نیشنل کانفرنس کے درجنوں لیڈران اور کارکنوں نے اپنی پارٹی میں شمولیت اختیار کی۔نئے ساتھیوں کا پارٹی میں خیر مقدم کرتے ہوئے الطاف بخاری نے امیدظاہر کی کہ اندروال حلقہ میں پارٹی کی جڑیں مزید مضبوط ہوں گیں۔انہوں نے کہاکہ اپنی پارٹی کے ترقیاتی ایجنڈا کو سبھی خطوں کے لوگوں کی پذیرائی حاصل ہے اور وہ جموں وکشمیر کے قدرتی وسائل اور حقوق مقامی لوگوں کے لئے محفوظ رکھنے سے متعلق پارٹی کی پالیسی کی بھر پور حمایت کرتے ہیں۔ انہوں نے یقین دلایا کہ اگر اپنی پارٹی نے جموں وکشمیرمیں اگلی سرکار بنائی تو وہ سبھی خطوں کی یکساں ترقی یقینی بنائے گی اور متعلقہ ضلع کی ضرورت کے مطابق فنڈز تقسیم کئے جائیں گے تاکہ پسماندگی اور کم ترقی کے مسئلہ کو حل کیاجائے۔ انہوں نے کہاکہ جموں وکشمیر کے دیہی علاقوں میں ڈھانچہ کی ترقی اپنی پارٹی کی ترجیح رہے گی۔انہوں نے جموں وکشمیر میں اسمبلی انتخابات منعقد کرنے میں ہورہی تاخیر پر تشویش کا اظہار کیا ، البتہ وزیر اعظم نریندر مودی سے امیدجتائی کی کہ وہ جلد وعدہ وفا کریں گے۔انہوں نے کہاکہ میں پر امید ہوں کہ وزیر اعظم اپنے وعدے کو وفا کریں گے اور جموں وکشمیر میں اسمبلی انتخابات منعقد کئے جائیں گے۔ یہاں ایل جی انتظامیہ کی وجہ سے لوگ مایوسی کا شکار ہیں۔ لوگوں کے مسائل پر ہر ضلع میں انتظامیہ کی طرف سے کوئی توجہ نہیں دی جارہی۔ لہٰذا بڑھتے عوامی مسائل کے ازالہ کے لئے منتخب حکومت ضروری ہے۔