سرینگر//اپنی پارٹی نے پیر کے روز ضلع بڈگام کے چرارشریف میں پارٹی ورکروں کا ایک روزہ کنونشن منعقد کیا۔ اس کا اہتمام پارٹی لیڈر مشتاق زہومی نے کیاتھا جس کی صدارت پارٹی نائب صدر ظفر اقبال منہاس نے کی جوکہ اِس موقع پر مہمان خصوصی تھے۔ اپنی پارٹی میڈیا ایڈوائزر فاروق اندرابی، ضلع صدر سرینگر نور محمد شیخ، جنرل سیکریٹری یوتھ ونگ مظفر ریشی اور صوبائی صدر یوتھ ونگ کشمیر خالد راٹھور نے بھی کنونشن میں حصہ لیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ظفر اقبال منہاس نے کہاکہ چرار شریف ایک مقدم سرزمین ہے جوکہ کشمیر کے معروف صوفی بزرگ حضرت نور الدین ولی ؒ کی آخری آرام گاہ ہونے کی وجہ سے دنیا بھر میں مشہور ہے۔انہوں نے کہا’’یہ مقدس جگہ عقیدتمندوں اور سیاحوں کی پسندیدہ جگہ ہے لیکن افسوس ہے کہ لیکن یہاں پر ضرورت کے مطابق ترقیاتی ڈھانچہ موجود نہیں تاہم ہماری کوششیں ہیں کہ کہ چرار شریف کو آپ کے تعاون سے مثالی قصبہ بنایاجائے جو عقیدت مندوں کو زیادہ آرام دہ اور پرسکون انداز میں میزبانی کرے ‘‘۔ ظفر منہاس نے کہاکہ اُن کی جماعت ریاستی درجہ کی بحالی کے لئے وعدہ بند ہے اور اِس کی حصولی تک چین سے بیٹھے گی نہیں۔انہوں نے کہا’’ہماری جماعت ریاستی درجہ کی بحالی کے لئے کوئی وقیقہ فروگذاشت نہیں چھوڑے گی، ہماری جماعت اس مدعے پرکوئی سمجھوتہ نہیں کرے گی ، اگر چہ کچھ نے اس معاملہ پر خاموشی اختیار کر لی ہے۔کنونشن سے میڈیا ایڈوائزر فاروق اندرابی، ضلع صدر سرینگر نور محمد شیخ، جنرل سیکریٹری یوتھ ونگ مظفر ریشی اور صوبائی صدر یوتھ ونگ کشمیر خالد راٹھور نے بھی خطاب کیا۔ ادھرپارٹی نے پیر کے روز لالچوک سرینگر میں ضلع کپوارہ سے تعلق رکھنے والے پارٹی ورکروں کی میٹنگ بلائی۔ یہ میٹنگ پارٹی جنرل سیکریٹری رفیع احمد میر، صوبائی صدر کشمیر محمد اشرف میر، ضلع صدر کپوارہ راجہ منظور، جنرل سیکریٹری کپوارہ بلال عارف، نائب صدر کپوارہ عبدالرحیم وانی ، عبدلرشید بٹ، کارڈی نیٹر جڈی بل شوکت میر، ڈاکٹر تجمل، اشرف اندرابی، ولی محمد میر، جاوید احمد میر، شبیر احمد لون، پرویز احمد، فیروز احمد، غلام احمد شاہ، طارق احمد راتھر، نذیر احمد ، منظور احمد گنائی اور انچارج گاندربل جاوید میر کی موجودگی میں منعقد ہوئی۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے رفیع احمد میر نے کہاکہ اپنی پارٹی جموں وکشمیر کے اندر صاف وشفاف سیاسی ماحول قائم کرنے کے لئے کام کر رہی ہے۔