سرینگر//جموں وکشمیر اپنی پارٹی نے جمعرات کو خواتین کنونشن منعقد کیا جس میں صوبہ کشمیر سے تعلق رکھنے والی خواتین نے شرکت کی۔ سرینگر میں پارٹی صدر دفتر پر منعقدہ اِس کنونشن کی صدارت پارٹی صدر سید الطاف بخاری نے کی جن کے ہمراہ جنرل سیکریٹری رفیع احمد میر، صوبائی صدر کشمیر محمد اشرف میر اور ریاستی سیکریٹری وضلع صدر بڈگام منتظر محی الدین بھی موجود تھے۔کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے الطاف بخاری نے کہاکہ خوشحال اور ترقی یافتہ سماج کی تعمیر میں خواتین کا رول انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔انہوں نے کہا’’خواتین صحیح معنوں میں خوشحال سماج کی معمار ہیں، افسوس کن ہے کہ موجودہ وقت میںخواتین کا تحفظ ایک اہم مسئلہ بن چکا ہے۔ جموں وکشمیر میں جسمانی طور ہراساں کرنے سے متعلق کمیٹی تشکیل دینے کی ضرورت ہے تاکہ خواتین دفاتر میں بغیر چھیڑچھاڑ اور جسمانی ہراسانی کے بغیر آزادانہ طور کام کر سکیں‘‘۔انہوں نے کہاکہ ضلع اننت ناگ سے گھریلو تشدد کا معاملہ ہمارے سماج پر ایک دھبہ ہے جہاں دو بچوں کی ماں کو مبینہ طور اُس کے سسرال والوں نے جلادیا۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کے مجرمانہ واقعات متعدد گھریلو تشدد کے واقعات کی نشاندہی کرتے ہیں جنھیں افسوس کے ساتھ ہمارے معاشرے میں خاموشی سے منظوری مل گئی ہے۔ تاہم اس طرح کے وحشیانہ واقعات کو ختم کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ انتظامیہ کو چاہئے کہ وہ خواتین کے تحفظ کے قوانین کو عملی شکل کے ساتھ نافذ کرے جبکہ مجرموں کو فوری طور پر سزا دی جائے۔انہوں نے اعلان کیاکہ اپنی پارٹی مستقبل میں صوبائی اور ضلع سطح پر خواتین کی کمیٹیاں تشکیل دے گی کیونکہ ہم خواتین کو مناسب نمائندگی دینے کے وعدہ بند ہیں۔ اس موقع پر خواتین شرکاء نے پارٹی لیڈرشپ کا اِس نوعیت کا پروگرام منعقد کرنے پر شکریہ ادا کیا اور پارٹی کو زمینی سطح پر مضبوط بنانے کا عزم کیا۔