مینڈھر //مینڈھر سب ڈویژن کے مصطفیٰ نگر اپر پنچایت کے مکینوں نے محکمہ دیہی ترقی پر الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ پردھان منتری اواس یوجنا کے تحت رہائشی مکانوں کیلئے بنائی گئی فہرستوں کو نظر انداز کر کے ملازمین نے خود سے نئی فہرستیں مرتب کی ہیں جس کی وجہ سے بڑی تعداد میں مستحقین کو باہر نکال کر سیاسی اثر ورسوخ رکھنے والوں کو فہرستوں میں شامل کر دیا گیا ہے ۔مقامی سرپنچ عابد حسین شا ہ نے محکمہ کے ملازمین پر الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ پنچایتی اراکین کی جانب سے مستحقین کی نشاندہی کر کے فہرستیں مرتب کی تھی تاہم محکمہ دیہی ترقی کے ملازمین کے پاس جمع کرنے کے بعد ان فہرستوں میں بڑے پیمانے پر تبدیلیاں کر دی گئی ہیں جس کی وجہ سے بی پی ایل زمرے سے تعلق رکھنے والے مستحقین کی ایک بڑی تعداد محکمہ کی فہرستوں سے باہر ہو گئے ہیں ۔سرپنچ پنچایت نے بتایا کہ مستحقین کو نظر انداز کرنے کے سلسلہ میں متاثر ین اب ان کے گھر پر آکر احتجاج کررہے ہیں ۔انہوں نے ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ محکمہ کے جن ملازمین نے فہرستوں میں تبدیلیاں کررکے امیر لوگوں کو فہرست میں شامل کیا ہے ان کیخلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائیں ۔بلاک ڈیولپمنٹ آفیسر نے بتایا کہ کمپیو ٹر میں 2011اور 2019-20میں بنائی گئی فہرستیں تکنیکی طورپر یکجا ہو گئی ہیں جس کی وجہ سے کچھ نام تکنیکی طورپر خارج ہوئے ہیں جبکہ اس سلسلہ میں اعلیٰ حکام سے رابطہ کرکے جانکاری بھی فراہم کی گئی ہے ۔انہوں نے یقین دلاتے ہوئے کہاکہ مستحقین کو مذکورہ سکیم کے زمرے میں ترجیح بنیادوں پر لایا جائے گا ۔