یواین آئی
نئی دہلی// صدر دروپدی مرمو نے جمعرات کو ملک کے باشندوں سے دیسی مصنوعات کو اپنانے اور بدعنوانی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کا عہد کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ملک کے ہر شہری کو صحت اور تعلیم کی سہولیات تک مساوی رسائی ملنی چاہئے ۔آل انڈیا ریڈیو اور دوردرشن پر 79 ویں یوم آزادی کے موقع پر ملک سے اپنے روایتی خطاب میں صدر جمہوریہ نے اقتصادی ترقی کو سماجی ترقی اور غربت کے خاتمے جیسے اہداف کے نقطہ نظر سے اہم قرار دیا۔آپریشن سندور کے بارے میں بات کرتے ہوئے صدر نے کہا کہ کشمیر کا دورہ کرنے والے معصوم شہریوں کا قتل بزدلانہ اور بالکل غیر انسانی تھا، ہندوستان نے اس کا فیصلہ کن انداز میں جواب د یا… مجھے یقین ہے کہ آپریشن سندور تشدد کے خلاف انسانیت کی جنگ کی ایک مثال کے طور پر تاریخ میں لکھا جائے گا۔ ہندوستانی عوام کے اتحاد کو ملی ٹینٹوں کے خلاف جوابی کارروائی کی سب سے بڑی خصوصیت بتاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ “یہ اتحاد ان تمام عناصر کے لیے بھی سب سے موزوں جواب ہے جو ہمیں منقسم دیکھنا چاہتے ہیں۔” انہوں نے کہا کہ آپریشن سندور نے ثابت کر دیا ہے کہ قومی سلامتی کی بات کی جائے تو ہماری مسلح افواج کسی بھی صورتحال کا مقابلہ کرنے کی پوری صلاحیت رکھتی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ‘‘عالمی برادری نے ہندوستان کی اس پالیسی کا نوٹس لیا ہے کہ ہم جارح نہیں بنیں گے، لیکن اپنے شہریوں کی حفاظت کے لیے جوابی کارروائی کرنے سے نہیں ہچکچائیں گے۔’’ انہوں نے کہاکہ ‘‘آپریشن سندور دفاع کے میدان میں ‘آتمنیر بھر بھارت مشن کو جانچنے کا ایک موقع بھی تھا۔ اب ثابت ہوا کہ ہم سیدھے راستے پر ہیں۔‘‘ ہماری مقامی پیداوار ایک اہم مرحلے پر پہنچ گئی ہے جہاں ہم اپنی بہت سی حفاظتی ضروریات کو پورا کرنے میں خود انحصار ہو گئے ہیں، انہوں نے ان کامیابیوں کو آزاد ہندوستان کی دفاعی تاریخ میں ایک نئے باب کا آغاز قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان نے آزادی کے بعد خود کفیل ملک بننے کی طرف بہت ترقی کی ہے اور ملک اس وقت مضبوط گھریلو مانگ کے ساتھ دنیا کی سب سے تیزی سے ترقی کرنے والی معیشت ہے اور افراط زر کی شرح کم ہے۔ تقسیم ہند کی ہولناکی کا شکار ہونے والے مجاہدین آزادی اور ہمارے آباؤ اجداد کی قربانیوں کو یاد کرتے ہوئے صدر نے کہا کہ انصاف، آزادی، مساوات اور یہ وہ اصول ہیں جو ہم نے آزادی کی جدوجہد کے دوران دیے تھے۔ اس موقع پر انہوں نے خلائی اور کھیلوں کی دنیا میں ملک کے ٹیلنٹ کی کامیابیوں کا بھی ذکر کیا۔بدعنوانی کے خلاف زیرو ٹالرنس کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے محترمہ مرمو نے گاندھی جی کے اس بیان کو یاد کیا کہ “بدعنوانی اور تکبر جمہوریت کے ناگزیر نتائج نہیں ہونا چاہئے۔” انہوں نے کہاکہ “آئیے ہم سب یہ عہد کریں کہ ہم گاندھی جی کے آئیڈیل کو عملی جامہ پہنائیں گے اور بدعنوانی کا مکمل خاتمہ کریں گے۔”اس موقع پر محترمہ مرمو نے ملک کے سپاہیوں، پولیس اور مرکزی مسلح پولیس فورسز، عدلیہ اور انتظامی خدمات کے ارکان کو یوم آزادی کی مبارکباد دی۔ انہوں نے بیرون ملک ہندوستانی سفارت خانوں میں کام کرنے والے ہندوستانی عہدیداروں اور این آر آئیز کو بھی یوم آزادی کی مبارکباد دی۔