بانڈی پورہ //آلوسہ بانڈی پورہ میںریچھ نے 75سالہ شہری کو چیر پھاڑ کر موت کی ابدی نیند سلا دیا جبکہ ڈوڈہ میں ایک چرواہا ریچھ کے حملے میں بری طرح زخمی ہوا ۔ سنیچرعلی الصبح نذیر الدین چوہان ولد عمر دین چوہان ساکن چچی نار آلوسہ گھر سے باہرنکلا جس دوران جنگلی درندے نے اس پر حملہ کردیا اور اس کے جسم کے مختلف حصوں کی بری طرح سے چیر پھاڑ کرڈالی۔اسے خون میں لت پت حالت میں اسپتال پہنچانے کی کوشش کی گئی ، تاہم وہ موقعے پر ہی دم توڑ چکا تھا۔عینی شاہدین کے مطابق بزرگ شہری کو موت کے گھاٹ اتارنے کے بعد ریچھ جنگل کی طرف بھاگ گیا۔اس واقعہ کے بعد علاقے میں خوف و دہشت کا ماحول ہے اور لوگوں نے محکمہ وائلڈ لائف کے خلاف احتجاج کیا۔اُدھر ڈوڈہ کے گندانا علاقے میں 35سالہ چندر لوکی ولد منگت رام شرما ساکن پنیالا گدیتھرگنداناجنگل میں مویشی چرارہا تھا کہ ایک خونخوار ریچھ اُس پر حملہ آور ہوا۔جنگلی جانور نے چرواہے کے جسم کے کئی حصوں کا گوشت نوچ ڈالا، تاہم وہ کسی طرح سے اپنے آپ کو ریچھ کے مضبوط پنچوں سے آزاد کرانے میں کامیاب ہوا۔اسے انتہائی تشویشناک حالت میں ضلع اسپتال ڈوڈہ میں داخل کرایا گیا۔