اسلام آباد(اننت ناگ)//کھٹوعہ میں خانہ بدوش گوجر بکروال طبقہ سے تعلق رکھنے والی آٹھ سالہ کمسن بچی آصفہ بانو کی عصمت دری اور قتل کے خلاف پیر کو اسلام آبادآل ٹریڈرس فیڈریشن کے اہتمام سے احتجاجی ریلی نکالی گئی ۔ کھٹوعہ ۔ہیرانگر میں گذشتہ ہفتے ایک آٹھ سالہ کمسن بچی کو مبینہ طور پر اغوا کر نے اور بعد میں اسکی لاش جھاڑیوں سے بر آمد کر نے کے خلاف آل ٹریڈرس فیڈریشن اسلام آباد کے بینر تلے ایک احتجاجی ریلی نکالی گئی جس میں بار ایسو سی ایشن اسلام آباد کے ممبران کے ساتھ ساتھ لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔ریلی میں شامل لوگ آصفہ کے قاتلوں کو پھانسی دو ،لواحقین کو انصاف دو جیسے نعرے بلند کر رہے تھے ۔مظاہرین نے ہاتھوں میں پلے کارڈ اُٹھا رکھے تھے جن پر ملزم کو پھانسی دو ،مقتول آصفہ کو انصاف فراہم کروکے نعرے درج تھے ۔ریلی ٹریڈرس آفس سے نکل کر لالچوک سے گذرتے ہوئے ضلع ترقیاتی کمشنر کے آفس پہنچ کر اختتام پذیر ہوئی ،جس کے دوران مظاہرین نے ایڈیشنل ضلع ترقیاتی کمشنر کو میمورنڈم پیش کیا گیا،اسلام آباد ٹریڈرس فیڈریشن صدر کا کہنا تھا کہ کمسن آصفہ کی عصمت دری اور قتل کے بعد جو حالات وہاں پیدا کئے گئے جس میںگوجر طبقہ کو ہراساں کرنا ،پانی بند کرنا اور ملوث شخص کے حق میں ترنگا ریلی نکالنا ایک سوچی سمجھی سازش لگ رہی ہے جو کہ قابل مذمت ہے اور کوئی بھی مہذب قوم اسطرح کی حرکت نہیں کر سکتی ہے ۔اُنہوں نے کہا کہ آل ٹریڈرس فیڈریشن اس معاملے کی ہائی کورٹ جج سے تحقیقات کا مطالبہ کر تی ہے ،اور کیس کو جموں سے سرینگر منتقل کرنے کی مانگ کر رہی ہے ،اُنہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ مقتولہ آصفہ کو انصاف فراہم کیا جائے ۔اور واقع میں ملوث شخص کو پھانسی دی جائے ۔اُنہوں نے نیشنل میڈیا کی جانب سے واقع کے تیئں سرد مہری پر بھی سخت تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ نیشنل میڈیا نے ہمیشہ کشمیر میں ہورہی انسانی پامالیوں کو نظر انداز کیا ہے جو کہ قابل افسوس ہے ۔