سرینگر //دختران ملت سربراہ آسیہ اندرابی، ناہیدہ نسرین اور صوفی فہمیدہ کو این آئی اے کی طرف سے ان کیخلاف عائد فرد جرم کی کاپی فراہم کی گئی۔ان تینوں کو8جولائی کے بعد پہلی بار بدھ کودہلی کی ایک عدالت کے سامنے پیش کیا گیا۔دختران ملت کی ترجمان رفعت فاطمہ نے کہا ہے کہ110صفحات پر مشتمل چارج شیٹ، جس کیساتھ500 صفحات پر محیط ضمیمہ جات نتھی تھے ،کو تینوں کے دیئے گئے۔رفعت نے کہا کہ پوری فرد جرم جھوٹ اور فریب کاری کا پلندہ ہے،من گھڑت الزامات عائد کئے گئے ہیں تاکہ ان تینوں کی قید کو طوالت دی جاسکے۔رفعت نے کہا کہ اگلی سنوائی 17 جنوری 2019 کو طے کی گئی ہے اور این آئی اے کو ہدایت کی گئی ہے کہ اس روز برقی ثبوت پیش عدالت کئے جائے۔ ان تینوں کی پیروی سینئر وکیل ستیش تمتا اور ایڈوکیٹ شارق و دیگراں کر رہے ہیں۔