سرینگر //دختران سربراہ آسیہ اندرابی اور ان کی دو معاونین کو ضمانت ملنے کے بعد دوبارہ گرفتارکیا گیا۔ ترجمان رفعت فاطمہ کے مطابق عدالت کی طرف سے آسیہ اندرابی ، ناہیدہ نسرین اور صوفی فہمیدہ کو ضمانت دیئے جانے کے بعد ان تینوں کو صورہ پولیس سٹیشن نے ایک اورفرضی ایف آئی آر میں گرفتار کیا ۔ 20 اپریل سے ان خواتین کو ایک کے بعد ایک فرضی کیسوں میں قید رکھا جارہا ہے۔ ان تینوں کو 20 اپریل کو اسلام آباد میں طلبہ کو احتجاج کیلئے بھڑکانے کے الزام میں گرفتار کر کے سنٹرل جیل بھیج دیا گیا تھا۔ 19 مئی کو ان تینوں کو ضمانت ملی لیکن تب سے ان کو غیر قانونی طور رام باغ تھانے میں قید رکھا جارہا ہے۔ترجمان نے آسیہ اندرابی کی بگڑتی صحت پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ آسیہ کی مسلسل گرفتاری نے ان کی صحت کو مزید بگاڑ دیا ہے۔