کوکرناگ//جنوبی قصبہ کوکر ناگ سے تقریبا 5کلومیٹر دور گائوں پورو میں سوموار کی شام آسمانی بجلی کی زد میں آکر دو سگے بھائی لقمہ اجل بن گئے جبکہ دیگر دو افراد بھی زخمی ہوگئے ۔ابتدائی اطلاعات کے مطابق سوموار کی شام پورو کوکرناگ میں نالہ برنگی کو پار کرتے ہوئے دو بھائیوں سمیت4افراد آسمانی بجلی کی زد میں آئے ۔مقامی لوگوں کے مطابق آسمانی بجلی کا جھٹکا اتنا شدید تھا کہ یہ چاروں جھلس کر نالے میں گرگئے جن میں سے دو بھائی عارف احمد لون و سمیر احمد لون پسران محمد ابراہیم لون ساکنان پورو کوکرناگ موقعے پر ہی دم توڑ بیٹھے جبکہ دیگر دو افراد کو زخمی حالت میں بچالیا گیا ہے ۔اس واقعے پر علاقے مین صف ماتم بچھ گئی ہے۔ کوکرناگ پولیس نے فوری طور جائے واقعہ پر پہنچ کر قانونی کاروائی شروع کی ہے۔اس دوران سرینگر سمیت دیگر علاقوں میں بھی سوموار کی شام زوردار ہوائیں چلیں اور بادل گرجنے کے ساتھ تیز بارشیں بھی ہوئیں جو رات دیر گئے تک جاری رہیں ۔