گندوہ//راجیہ سبھا میں حزب اختلاف کے قائدغلام نبی آزاد نے ڈوڈہ ضلع کے دورے کے دوسرے روز بٹیاس،ملک پورہ اور گندو میں آگ متاثرین سے ملاقات کر کے آتشزدگی کی پراسرار وارداتوں سے ہوئے نقصانات کا جائزہ لیا ۔اس دوران انہوں نے ریاستی حکومت پر زور دیا کہ وہ متاثرین کو معقول مالی امدادفراہم کریں و معاملہ کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کرکے شر پسند عناصر کو بے نقاب کریں۔ایم ایل اے اندروال وریاستی کانگریس نائب صدر غلام محمد سروڑی ، سابق وزیر محمد شریف نیاز ، سابق وزیر وجنرل سیکریٹری کانگریس عبدالمجید وانی ، ایم ایل سی وضلع صدر نریش کمار گپتا ، ضلع ترقیاتی کمشنر ڈوڈہ بھوپندر ، ایس پی ڈوڈہ ونے کمار کے ہمراہ ان کے ہمراہ تھے۔ بھٹیاس ، ملکپورہ وگندوہ میں آگ متاثرین کے ساتھ فرداً فرداً ملاقات کرکے انہوں نے نقصان کے بارے میں تفصیلی جانکاری حاصل کی۔ان مواقع پر انہوں نے بولتے ہوئے متاثرین کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے کہا کہ ایک ماہ میں یہ تیسرا بڑا واقع ہے جس میں لاکھوں کی املاک کو نقصان پہنچا جبکہ سینکڑوں کنبے بے گھر ہوئے۔انہوں نے کہا کہ یہ حادثات اتفاقی نہیں بلکہ اس کے پیچھے کسی عناصر کا ہاتھ ہوسکتا ہے جو علاقہ کے آپسی بھائی چارہ کو ٹھیس پہنچانے کی کوشیش میں ہیں۔انہوں نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ آپسی بھائی چارہ کو قائم ودائم رکھتے ہوئے شر پسند عناصر سے ہوشیار رہیں۔آزاد نے کہا کہ خطہ چناب ہندو مسلم بھائی چارہ کے لئے اپنی مثال آپ ہے اور آزاد کے بعد سے لے کر تاحال خطہ میں کبھی بھی بد امنی نہیں پھیلی ہے ۔انہوں نے موجودہ حالات پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کچھ طاقتیں اپنے حقیر مفادات کی خاطرخطہ میں انتشار پھیلا رہے ہیں لیکن عوام ان کی چالوں سے بخوبی واقف ہیں۔ انہوں نے ضلع ترقیاتی کمشنر ڈوڈہ کو ہدایت کی کہ وہ بھٹیاس ،ملکپورہ وگندوہ کے آگ متاثرین کی باز آبادکاری کی خاطر تیار کردہ ریلیف فائلیں وزیر اعلی ووزیر اعظم ریلیف فنڈس کے لئے روانہ کریں وہ اس سلسلہ میں ذاتی طور ان کے ساتھ اس معاملہ کو اٹھا ئیں گے۔ اس موقع پر ایم ایل اے اندروال غلام محمدسروڑی اور سابق ریاستی وزراء عبدالمجید وانی اور محمد شریف نیاز نے بھی آگ متاثرین سے خطاب کیا ۔اُنہوں نے کہا کہ تسلسل کے ساتھ انجام دی جا رہی یہ آگ وارداتیں اتفاقی حادثات نہیںبلکہ یہ ایک منصوبہ بند سازش ہے جس کے پیچھے آر ایس ایس کا ہاتھ ہے۔اُنہوں نے کہا کہ اس سازش کامقصد یہاں کے آپسی بھائی چارہ کو پارہ پارہ کر کے اپنے مفادات حاصل کرناہے۔اُنہوں نے بھی ان معاملات کی اعلیٰ سطحی تحقیقات کروا کر اسمیں ملوث عناصر کو بے نقاب کرنے اور اُنہیں کیفرِکردار تک پہنچانے کا بھی مطالبہ کیا۔اس موقع پرایس ڈی ایم گندو دل میر چوہدری ،ایس دی پی او سنیل گپتا،ایکس ای این شیخ رشید کے علاوہ انتظامیہ کے متعدد یگر آفیسران کے علاوہ کانگریس لیڈر شیخ مجیب علی ،جاوید آزاد،سنجے منہاس،مشتاق ملک،چوہدری علی محمد ،ندیم شریف نیاز،مسرت نیائک،عبدالطیف بانیاں،عبدالمجید راہی ،یونس رشید ملک ،لیاقت علی شیخ ،الطاف حسین ملک، اوم پرکاش پریہار ، محمد عباس راتھر، کلدیپ کوتوال،عبدالمجید بٹ وغیرہ بھی موجود تھے۔