شوپیان //جنوبی ضلع پلوامہ کے آری ہل گائوں میں امام مسجد سمیت نصف درجن نوجوانوں کی گرفتاریوں کیخلاف تشدد بھڑک اٹھا جس کے دوران پتھرائو اور شدید شلنگ کی گئی۔مقامی لوگوں نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ اتوار کی صبح آری ہل کے بٹ محلہ میں جنگجوئوں کی موجودگی کی اطلاع ملنے کے بعد فوج ، سی آر پی ایف اور ایس او جی نے علاقے کو محاصرہ میں لیا ۔اسکے بعد ہیر گام، بونہ گام اور کرالہ پورہ کی بستیوں کا بھی محاصرہ کیا گیا۔اس دوران نوجوانوں کی ٹولیوں نے سڑکوں پر نکل کر جنگجو مخالف آپریشن میں رخنہ ڈالنے کی کوشش کی جس دوران فورسز نے نوجوانوں کا تعاقب کیا جس پر وہ مشتعل ہوئے اور انہوں نے فورسز پرسنگبازی کی جس پر فورسز نے لاٹھی چارج اور ٹیر گیس شلنگ کا استعمال کیا ۔ جھڑپوں کا سلسلہ صبح سات بجے سے دن کے ڈیڑھ بجے تک جاری رہا۔لوگوں کا کہنا ہے کہ فورسز نے امام مسجد سمیت نصف درجن نوجوانوں کی گرفتاری عمل میں لائی۔اسکے علاوہ فورسز نے جھڑپوں کا نزلہ عام لوگوں پر گرایا اور اندھا دھند طریقے سے مکانوں اور گاڑیوں کی توڑ پھوڑ کی ۔