ترال//ترال کے آری پل تحصیل میں بجلی رسیوینگ اسٹیشن قائم نہ ہونے کی وجہ سے ہزاروں نفوس پر مشتمل آبادی کو بجلی کی عدم دستیابی کے باعث زبردست مشکلات کا سامنا کرنا پڑ تا ہے۔ مقامی آبادی نے متعلقہ محکمہ اور سرکار کے خلاف شدید برہمی کا اظہار کیا ہے ۔مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ علاقے میں اراضی دستیاب ہونے کے باوجوپانچ سال سے رسیونگ اسٹیشن قائم کرنے میں محکمہ اور سرکار ناکام ہے۔ مقامی لوگوں نے کہا کہ گزشتہ پانچ برسوں سے انہیں یقین دلایا جاتا رہا کہ علاقے میں رسیونگ اسٹیشن قائم ہوگاجس کے لئے علاقے کی آبادی نے اراضی بھی فراہم کی لیکن رسیونگ اسٹیشن قائم نہیں ہوا۔ ممبر اسمبلی ترال مشتاق احمد شاہ نے اس رسیونگ اسٹیشن کے حوالے سے بتایا کہ ’’رسیونگ اسٹیشن کے لئے ڈی پی آر بنا یا گیا ہے اور دین دیال اسکیم کے تحت آری پل اور کہلیل ترال رسیونگ اسٹیشن بہت جلد قائم ہونے کی امید ہے تاکہ آبادی کو مشکلات سے نجات مل سکے ‘‘۔اس دوران ترال میں بجلی کی عدم دستیابی کے خلاف صدائے احتجاج بلند کیا گیا۔ سٹیزنزکونسل چیئرمین فاروق ترالی کی صدات میںاحتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ احتجاجی لوگوں کا کہنا تھا کہ ترال قصبے کے میٹر اور غیر میٹر والے علاقوں میں بجلی نظام ابتر ہے جبکہ دیگر علاقوں کا اللہ ہی حافظ ہے۔