راجوری //راجوری پونچھ میں حدمتارکہ پر ہندوپاک افواج کے درمیان کشیدگی ختم ہونے کانام نہیںلے رہی اور تازہ فائرنگ کے تبادلہ میں سندر بنی سیکٹر میں بھارتی فوج کا ایک اہلکار پاکستان کی طرف سے کی گئی فائرنگ کاشکار بن کر ہلاک ہوگیا ۔فوج کے ترجمان کے مطابق سنیچر کے روز پاکستانی فوج نے سندر بنی سیکٹر میں بھارتی چوکیوں پر اشتعال انگیز فائرنگ اور گولہ باری شروع کردی جس کے رد عمل میں بھارتی فوج نے بھی بھرپور جواب دیا اوراس دوران فائرنگ کے تبادلے میں لانس نائیک شدید طور پر زخمی ہواجو بعد میں زخموں کی تاب نہ لاکر دم توڑ بیٹھا۔ مارے گئے اہلکار کی شناخت یوگیش مرلی دھر بہادنے کے طور پر ہوئی ہے ۔مارے گئے اہلکار کی عمر 28برس تھی اوروہ مہاراشٹرا کا رہنے والاتھا۔ اس کے پسماندگان میں اہلیہ پونم یوگیش ہے ۔فوج نے یوگیش کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے بہادر فوجی قرار دیااور کہاکہ اس کی قربانی کوپوری قوم یاد رکھے گی ۔ واضح رہے کہ گزشتہ ماہ کی 23تاریخ کو راجوری کے کیری سیکٹر میں پاکستانی فوج کے ہاتھوں ایک میجر اور تین اہلکاروں کی ہلاکت کے بعد حد متارکہ پر حالات کشیدہ بنے ہوئے ہیں اور اس واقعہ کے سمیت راجوری میں یہ فوجی اہلکاروں کی پانچویں ہلاکت ہے جبکہ اس دوران متعدد اہلکارزخمی بھی ہوچکے ہیں ۔