اننت ناگ +بارہمولہ//آرونی بجبہاڑہ اور اُٹھورہ کریری بارہمولہ میں گھمسان کی معرکہ آرائیوں کے دوران 6جنگجو جاں بحق ہوئے۔اس دوران دونوں مقامات پر مظاہرین اور فورسز میں جم کر جھڑپیں ہوئیں جن کے دوران کئی افراد زخمی ہوئے۔
آرونی
پولیس نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ ایک مصدقہ اطلاع ملنے پر فسٹ آر آر، پولیس کے سپیشل آپریشن گروپ اور سی آر پی ایف نے کھار محلہ آرونی کا محاصرہ کیا اور اس دوران خانہ تلاشی کارروائی شروع کی۔مقامی لوگوں کے مطابق جونہی فورسز اہلکاروں نے ایک مکان کے ارد گرد گھیرا تنگ کرنے کی کوشش کی تو سینکڑوں نوجوان جمع ہوئے اور انہوں نے فورسز آپریشن میں رخنہ ڈالنے کی غرض سے ان پر چاروں طرف سے پتھرائو کیا۔ اس موقعہ پر مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے شلنگ کی گئی اور پیلٹ کا استعمال بھی کیا گیا۔جھڑپوں میں شدت آگئی اور اسی دوران ایک مکان میں موجود جنگجوئوں اور فورسز کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ شروع ہوا۔معلوم ہوا ہے کہ قریب 4بجے یہاں محاصرہ اور پھر 5بجے جھڑپ شروع ہوئی جو رات دس بجے تک جاری رہی۔بتایا جاتا ہے کہ 3جنگجو گھر سے باہر نکلے اور گولیوں کے شدید تبادلے میں جاں بحق ہوئے جبکہ ایک جنگجو مکان میں ہی جاں بحق ہوا۔اس دوران آپریشن کو مکمل کرنے کیلئے مظاہرین اور فورسز میں زبردست تصادم آرائی ہوتی رہی جس کے دوران کئی افراد شلوں اور پیلٹ سے زخمی ہوئے۔جنہیں یاری پورہ، کیموہ اور دیگر طبی مراکز میں پہنچایا گیا جبکہ درجنوں کی آرونی میں ہی مرہم پٹی کی گئی۔مقامی لوگوں کے مطابق مذکورہ 4جنگجوئوں کو چار روز قبل آرونی میں اُس وقت دیکھا گیا تھا جب لارو کولگام میں جھڑپ کے دوران 3جنگجو جاں بحق ہوئے تھے، اور ان چاروں نے آرونی کے جاں بحق جنگجو کی نماز جنازہ میں شامل ہوکر اسے سلامی دی تھی۔
بارہمولہ
چند کوٹ اٹھورہ کریری نامی بستی کا جمعرات کی صبح قریب 5بجے 52آر آر، پولیس کے سپیشل آپریشن گروپ اور سی آر پی ایف نے محاصرہ میں لیا اور تلاشی کارروائی شروع کی۔غلام نبی چوپان کے مکان میں موجود 2جنگجوئوں نے تلاشی پارٹی پر فائرنگ شروع کردی جس کے بعد طرفین کے درمیان گولیوں کا شدید تبادلہ ہوا جو شام 5بجے تک جاری رہا۔بعد میں فورسز نے کہا کہ یہاں 2جنگجو مارے گئے۔ایس ایس پی بارہمولہ امتیاز حسین نے ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ 12گھنٹے تک تصادم آرای میں 2جنگجو مارے گئے اور اس دوران رہائشی مکان کو بچا لیا گیا۔تاہم مقامی لوگوں کے مطابق مکان کو شدید نقصان ہوا ہے۔اٹھورہ میں بھی جونہی جھڑپ شروع ہوئی تو یہاں مظاہرین جمع ہوئے اور پولیس کیساتھ الجھ گئے۔پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے شلنگ کی۔یہاں دن بھر تصادم آرائی ہوتی رہی جبکہ سنگرامہ اور خان پورہ بارہمولہ کے علاوہ دیگر کئی جگہوں پر گاڑیوں پر پتھرائو کیا گیا جس کی وجہ سے پبلک ٹرانسپورٹ متاثر ہوا۔اٹھورہ میں جاں بحق جنگجوئوں کی شناخت نہیں ہوسکی ہے۔ اس دوران انتظامیہ نے کسی بھی امکانی گڑ بڑ سے نمٹنے کے لئے ضلع بارہمولہ کے حدود میں موبائل انٹرنیٹ کی کم اور تیز رفتار سروس کو معطل کردیا ۔