سرینگر//آرئنزکالج آف فارمیسی نے ’فیزس آف کلنیکل ٹرایلز‘موضوع پرایک ویب نارکااہتمام کیا جس میں فارماکولوجی کے ماہر ڈاکٹرآشوتوش اگروال نے بی فارمیسی اورڈی فارمیسی طلاب اورفیکلٹی ممبران سے تبادلہ خیال کیا۔اس موقعہ پرآرئنزگروپ آف کالجزکے چیئرمین ڈاکٹر انشوکٹاریہ نے ویب نار کی صدارت کی۔ڈاکٹر اگروال نے طلبہ کے ساتھ تبادلہ خیال کرتے ہوئے کہاکہ کلنیکل ٹرائلزریسرچ کاحصہ ہوتے ہیں جن سے طبی،جراحی یارویہ سے متعلق طریقوں کی لوگوں پرآزمائش کرتے ہیں۔یہ کسی بھی نئی دوا،طریقہ علاج یاطبی آلہ کی تحقیق کرنے کا بنیادی طریقہ ہے جس سے یہ معلوم ہوتا ہے کہ آیا یہ لوگوں کیلئے محفوظ اور موثر ہے۔انہوں نے مزیدکہا کہ کلنیکل ٹرایلزچار مرحلوں میں ہوتے ہیں جس سے علاج کے بارے میں حقائق معلوم ہوتے ہیں اورادویات کی خوراک اور اس کے مضراثرات سے آگاہی حاصل ہوتی ہے۔انہوں نے کہا کہ اگر تین مرحلوں میں دواکو موثر پایا جاتا ہے توایف ڈی اے اس دوا کی منظوری دیتا ہے۔