اوڑی+نوشہرہ// لائن آف کنٹرول پر اوڑی اور راجوری کے نو شہرہ سیکٹروں میں بھارت اور پاکستان کی افواج میں جم کر گولہ باری ہوئی جس کے نتیجے میں ایک فوجی اہلکار زخمی ہوا۔ اوڑی میںپاکستانی فوج نے لاوڈا سپیکروں پر کنٹرول لائن کے دیہات خالی کرنے کااعلان کیا ۔جس کے بعداوڑی کے سر حدی علاقوں میں افراتفری اور بھاگم بھاگ کی صورتحال پیدا ہو ئی اور 6دیہات میں نقل مکانی کر کے قریب 700لوگ محفوظ مقامات پر منتقل ہوئے۔سنیچر کو ایک روز کے وقفہ کے بعد 12بجے کے قریب سرحدی قصبہ اوڑی کے حاجی پیر سیکٹر میں ہندو پاک افواج کے درمیان شدید گولہ باری کا سلسلہ شروع ہوا جو آخری اطلات ملنے تک جاری تھا۔ اس دوران کئی گولے کنٹرول لائن پر واقع تلاواڑی ،بلکوٹ اور سلی کوٹ دیہات میں گرے جس کے بعد لوگوں میں سخت خوف و ہراس پھیل گیا اور قریب 400 افراد نقل مکانی کر کے محفوظ جگہوں پر منتقل ہوئے۔ معلوم ہوا ہے کہ دن بھر اوڑی کے حاجی پیر سیکٹر میں ہندوستان کی ٹیکہ،سلی کوٹ،1مائک،برباد اور رستم چوکیوں اور پاکستان کی خواجہ بانڈی اور سجا واڑ چوکیوں سے گولہ باری کا تبادلہ شروع ہوا جس دوران کئی گولے آبادی میں گرے ۔مقامی لوگوں کے مطابق تلاواڑی میں گولہ باری کی زد میں آکر ریاض احمد آوان کا رہائشی مکان مکمل طور تبا ہو گیا۔گولہ باری کا سلسلہ شروع ہوتے ہی اوڑی کنٹرول لائن پر واقع دیہات چرنڈا ،بٹگراں،تھاجل،تلاواڑی،سلی کوٹ ،بلکوٹ،ہتھ لنگا،موٹھل ،صورہ،سید پورہ،نامبلہ اور گھر کوٹ کے لوگوں میں خوف و ہراس پھیل گیا اور لوگ گھروں میں سہم کر رہ گئے۔ اس دوران سلی کوٹ، بلکوٹ، تھاجل، چرنڈہ،بٹگراں،تلا واڑی دیہات کے قریب 400 افراد نے نقل مکانی کی۔ مقامی لوگوں کے مطابق صبح سرحد کے اُس پار پاکستانی فوج نے سرحد پر رہنے والے لوگوں کو لاوڈ اسپیکروں پر بستی چھوڑ دینے کا اعلان کیا ۔ کنٹرول لائن پر واقعہ ہتھ لنگا ،موٹھل اورصورہ کے لوگوں کا کہنا ہے کہ شدید گولہ باری کے باوجود بھی اوڑی انتظامیہ کا کوئی بھی آفیسر ان کا حال جاننے کے لئے علاقے میں نہیں گیا۔ ادھر اوڑی انتظامیہ نے ان علاقوں سے ہجرت کرنے والے لوگوں کے لئے گورنمٹ گرلز ہائر سکنڈری سکول اوڑی میں رہائش کا انتظام کیا ہے ۔ادھرراجوری کے نوشہرہ سیکٹر میں فائرنگ اور گولہ باری سے بھارتی فوج کا ایک اہلکار زخمی ہواہے ۔ دفاعی ذرائع کے مطابق گزشتہ رات پاکستانی فوج کی فائرنگ او ر گولہ باری کی زد میں آکر بھارتی فوج کا اہلکار زخمی ہواجس کی شناخت سندیپ کے طور پر ہوئی ہے ۔ اسے فوری طور پر ہسپتال منتقل کیاگیاجہاں وہ زیر علاج ہے ۔ دریں اثناء گولہ باری سے سریا گائوں میں محمد حسین ولد صاحب دین کی ایک بکری ہلاک اور دو مویشی زخمی ہوئے ہیں ۔