سرینگر//حریت(گ)چیئرمین سید علی گیلانی نے موہن بھگوت کے متکبرانہ بیان پر اظہارِ افسوس کرتے ہوئے کہا کہ حقِ خودارادیت کا مطالبہ اقوامِ متحدہ کے انسانی حقوق کے تسلیم شدہ چارٹر کے عین مطابق کشمیری عوام کا ایک پیدائشی حق ہے، جسے طاقت کے بل بوتے پر کچلنا ناممکن ہے۔ حریت رہنما نے تاریخ کا حوالہ دیتے ہوئے موہن بھگوت کے بیان کو بھارت کی اب تک کی سرکاری پالیسی کا آئینہ دار قرار دیتے ہوئے کہا کہ بھارت نے پچھلے 70سال کے دوران جموں کشمیر کی سرزمین کو خون ناحق سے لالہ زار بنادیا ہے۔گیلانی نے مسئلہ کشمیر کو ایک سیاسی اور انسانی مسئلہ قرار دئے جانے کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ اِسے طاقت کے بے تحاشا استعمال اور جبرواکراہ کی پالیسیوں سے حل نہیں کیا جاسکتا۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ بھارت جبرواستبداد کی روائتی پالیسیوں کو ترک کرکے مسئلہ کشمیر جیسے متنازعہ سیاسی مسئلے کو اقوامِ متحدہ کی تسلیم شدہ قراردادوں کو عملاکر ایک پُرامن اور منصفانہ حل تلاش کرنے کے لیے اپنی آمادگی کا اظہار کرے۔