سرینگر //مشترکہ مزاحمتی قیادت سید علی گیلانی، میر واعظ عمر فاروق اور محمد یاسین ملک نے بیت المقدس کو اسرائیل کا دارالخلافہ تسلیم کے کے امریکی فیصلے خلاف آج نماز جمعہ کے بعدبھرپور پرامن احتجاجی مظاہرے کرنے کے علاوہ 10دسمبر کو عالمی یوم حقوق انسانی کے موقعہ پرمکمل اور ہمہ گیر احتجاجی ہڑتال اور شام گئے بلیک آئوٹ کی اپیل کی ہے۔اسی دن لال چوک میں متحدہ مزاحمتی قائدین کی سربراہی میں ایک احتجاجی ریلی بھی برآمد ہوگی جو سرینگر میں موجود اقوام متحدہ کے مقامی آبزرور آفس جاکر ایک یادداشت پیش کرے گی ۔مزاحمتی قائدین نے کہا ہے کہ یروشلم کی مقدس سرزمین ‘ دنیا میں بسنے والے کروڑوں مسلمانوں کیلئے انتہائی اہم مقام کی حامل ہے۔ یہ زمین ہمارا قبلۂ اوّل ہے اور ہمارے دینی و مذہبی جذبات و احساسات کے ساتھ وابستہ ہے اور اس سرزمین کو صیہونی ریاست اسرائیل کا دار الخلافہ قرار دینے کے فیصلے کو کوئی بھی مسلمان ٹھنڈے پیٹوں برداشت نہیں کرسکتا۔ اس قسم کے غیر معقول فیصلے لے کرامریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی فسطائی ذہن حکومت اپنی بچگانہ سیاست کاری اور مسلم دشمنی کا بھرپور مظاہرہ کررہی ہے۔مشترکہ قیادت نے جملہ امت مسلمہ کو اس امریکی فیصلے کے خلاف متحد ہوجانے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ہم پر لازم ہے کہ ہم اپنے فلسطینی بھایئوں کی مدد و نصرت اور اس سرزمین کی آزادی کے حوالے سے سرگرم عمل رہیں۔10دسمبر کوانسانی حقوق کے عالمی دن کی مناسبت سے جاری مشترکہ بیان میں مزاحمتی قائدین نے کہا ہے کہ کشمیر بھی انسانی معاشرے کا ہی ایک حصہ ہے اور یہاں بھی گوشت پوست کے انسان بودوباش رکھتے ہیں لیکن عرصۂ دراز سے ان انسانوں کو جانوروں سے بدتر حالات کا سامنا ہے۔ یہی سرزمین ہے کہ جہاں پر ہزاروں بے نامی قبریں بھی دریافت ہوئیں اور جہاں بھارتی افواج و فورسز عفت ماب خواتین کی تذلیل کو جنگی ہتھیارکے طور پر استعمال کرتے رہے ہیں۔قائدین نے کہا کہ اگر صرف پچھلے ڈیڑھ برس کا جائزہ لیا جائے تو ہم دیکھتے ہیں کہ اس عرصے میں سیکڑوں جوانوں کے لہو کی ہولی کھیلی گئی ہے اور اس قتل و غارت گری کو کسی کھیل تماشے کی مانند مسحور کن انداز میں پیش کیا جارہا ہے۔ قائدین نے کہا کہ تہاڑ جیل دہلی سے لیکر جموں کشمیر کی جیلیں آج بھی کشمیری اسیروں سے بھرے پڑے ہیں۔ قائدین نے کہا کہ دنیا جو جانوروں کے حقوق و تحفظ کا ڈھنڈورا پیٹتی نظر آتی ہے ‘ انسانوں پر ڈھائے جانے والے ان مظالم پرخاموش تماشائی بنی بیٹھی ہے۔منظم احتجاجی پروگرام کا اعلان کرتے ہوئے قائدین نے کہا کہ عالمی انسانی حقوق کے دن 10دسمبراتوار‘ کشمیری ‘ بدترین انسانی حقوق کی پامالیوں اور اس حوالے سے عالمی برادری کی مجرمانہ خاموشی کے خلاف مکمل اور ہمہ گیر احتجاجی ہڑتال کریں گے جبکہ شام کے اوقات میں مکمل بلیک آئوٹ کرکے یہاں ہونے والی انسانی حقوق کی بدترین پامالیوں کو اجاگر کیا جائے گا۔ اسی روز بعدحمزہ مسجدکوکر بازار لال چوک میں تینوں قائدین سید علی شاہ گیلانی، میرواعظ محمد عمر فاروق اور محمد یاسین ملک ظہر کی نماز کے بعد ایک احتجاجی جلوس کی قیادت بھی کریں گے ۔ یہ جلوس سرینگر میں قائم اقوام متحدہ کے مقامی مبصر آفس پر جاکر وہاں ایک میمورنڈم پیش کرے گا۔ سنیچر کو گیلانی کے دفتر و دولت خانہ واقع رحمت آباد حید ر پورہ پر ایک سمینار منعقد ہوگا۔