عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//وزیر برائے جل شکتی محکمہ جاوید احمد رانا نے بتایا کہ لفٹ اری گیشن سکیم پیٹھ دیوسر کیلئے تفصیلی منصوبہ رپورٹ (ڈی پی آر)نبارڈ کے تحت 452.69 لاکھ روپے کی تخمینہ لاگت سے تیار کی گئی تھی۔وزیر موصوف نے کہا کہ اس کے مقابلے میں 451.99 لاکھ روپے اب تک خرچ کئے جا چکے ہیں۔ تاہم یہ سکیم شروع نہیں کی جا سکی کیونکہ زمین کی قیمت 2019 کے اگست سے زمین کے حصول، بحالی اور بازآبادکاری ایکٹ ( ایل اے آر آر ایکٹ) 2013 کی عمل آوری کے بعد 20 لاکھ روپے سے بڑھ کر 80.91 لاکھ روپے ہو گئی ہے۔وزیر وزیر رانا آج قانون ساز اسمبلی میں پیر زادہ فیروز احمد کے ایک سوال کا جواب دے رہے تھے۔انہوں نے مزید کہا کہ محکمہ اس وقت ترمیم شدہ شرحوں ،رہنما اصولوں کے مطابق بقیہ فنڈز کو پورا کرنے کے لئے طریقۂ کار کا جائزہ لے رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس جائزے کے نتائج کی بنیاد پر آئندہ اقدامات مالیاتی قوانین کے مطابق اُٹھائے جائیں گے۔