بانہال سیکٹر میں درماندہ ٹرک جموں کی طرف چلے، سینکڑوں مال ومسافر گاڑیاں کشمیروارد
محمد تسکین
بانہال//پچھلے تین ہفتوں سے ادہم پور میں تباہ ہوئی شاہراہ کو بہتر کرنے اور اسے معمول کے ٹریفک کے قابل بنانے کی کوئی بھی کوشش کامیاب ثابت نہیں ہو رہی ہے اور اس صورتحال کی وجہ سے ضروریات زندگی کے سامان سے لدھی کشمیر آنے والی گاڑیوں اور وادی کشمیر سے جموں کی طرف سیب لیکر جانے والے ٹرکوں کی نقل و حرکت محدود اور ٹھپ ہو کر رہ گئی ہے اور ادہم پور کے متاثرہ مقامات پر گاڑیوں کو ایک ایک کرکے نکالنا اور سڑک کا بار بار دھنسنا اور اس میں گاڑیوں کا پھنس جانا پچھلے سات روز سے روز کی طرح منگل کو بھی جاری رہا ۔
یقین دہانی کام نہ آئی
پچھلے تین ہفتوں سے شاہراہ کی خرابی نے ہزاروں مال گاڑیوں کو جموں سرینگر قومی شاہراہ کے مختلف مقامات پر درماندہ کر دیا ہے جس کا خمیازہ جہاں سیب کی پیٹیوں کے خراب ہونے کے بھاری نقصانات کی صورت میں کسانوں اور بیوپاریوں کو بھگتنا پڑ رہا ہے وہیں وزیر زراعت جاوید احمد ڈار نے پیر کی شام دیر گئے قاضی گنڈ میں سیب سے لدھے سینکڑوں ٹرک ڈرائیوروں کو یقین دلایا تھا کہ وہ منگل کی صبح سے سیب کی گاڑیوں کو جموں کی طرف چھوڑنے کیلئے ٹریفک کے اعلی حکام سے بات کرینگے لیکن وزیر کی یہ یقین دہانی بھی کشمیر سے جموں جانے والے سیب بردار ٹرک والوں کے کسی کام نہیں آسکی ہے اور یہ ٹرک ہنوز درماندہ ہیں۔
ٹریفک کی صورتحال
منگل کی شام ٹریفک حکام نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ شاہراہ پر منگل کی صبح چھ بجے سے دن کے گیارہ بجے تک کے مقررہ اوقات کے اندر مسافر گاڑیوں کو نگروٹہ جموں سے یکطرفہ ٹریفک میں وادی کشمیر کی طرف آنے کی اجازت دی گئی اور مسافر گاڑیوں کو نکالنے کے بعد منگل دوپہر سے مال اور ایندھن بردار ٹینکروں کو بھی جموں سے وادی کشمیر کی طرف نکالا جا رہا ہے اور یہ عمل سست روی کے ساتھ شام تک جاری تھا۔انہوں نے کہا کہ منگل کے روز وادی کشمیر سے جموں کی طرف کسی بھی قسم کے ٹریفک کو چلنے کی اجازت نہیں تھی جبکہ رام بن ، ڈوڈہ اور کشتواڑ اضلاع کی گاڑیوں کو ناشری ٹنل صبح دس بجے تک پار کرنا لازمی قرار دیا گیا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ اس دوران پیرکی رات دیر تک چند روز سے شیر بی بی اور چندرکوٹ میں سیب کے سینکڑوں درماندہ ٹرکوں کو بھی جموں کی طرف نکالاگیا ۔ انہوں نے کہا کہ منگل شام تک ضرورت زندگی کا سامان لیکر سینکڑوں مال اور مسافر گاڑیاں نویگہ ٹنل پار چکی تھیں۔
شاہراہ کی حالت
نیشنل ہائے وے اتھارٹی آف انڈیا کے حکام نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ تھرڈ کے مقام دلدلی مٹی کو ہٹاکر بنائی گئی تین سو میٹر سڑک میں گاڑیوں کا پھنسنا اور انہیں مشینوں کی مدد سے دھکا مار کر نکالنا معمول کے ٹریفک کی نقل و حرکت کو متاثر کر رہا ہے اور یہاں فی گھنٹہ تیس چالیس گاڑیاں ہی نکل پا رہی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ تھرڈ کے مقام اصل نیشنل ہائے بھاری ملبے کے نیچے دفن ہے اور سڑک کی مکمل بحالی کئی مہینوں کا وقت لے سکتی اور اس کیلئے نیشنل ہائے وے اتھارٹی آف نئے سرے سے تفصیلی پروجیکٹ رپورٹ تیار کرکے کام کرے گی اور تب جاکر شاہراہ کو پہلے جیسی حالت میں لایا جا سکتا ہے ۔ ادہمپور میں شاہراہ کی صورتحال کے حوالے سے بات کرنے پر پروجیکٹ ڈائریکٹر نیشنل ہائے وے اتھارٹی آف نڈیا شبھم یادو نے بتایا کہ ادہمپور کے متاثرہ مقام کے آر پار جموں سے وادی کشمیر کی طرف ٹریفک کو نکالنے کا عمل جاری ہے تاہم پچھلے کئی روز کی طرح ادھم پور کے سیکٹر میں آج بھی بارشیں ہو رہی ہیں جس کی وجہ سے گاڑیوں کی نقل و حرکت سست رفتار ہو رہی ہے ۔ انہوں نے کہا تھرڈ کے دو سو پچاس میٹر کے متاثرہ حصے پر میکڈم بچھانے کیلئے تمام میٹریل جمع کیا گیا ہے لیکن مسلسل بارشوں کی وجہ سے سڑک کی سطح میکڈم بچھانے کے قابل ہو ہی نہیں پا رہی ہے اور میکڈم بچھانے کی صورت میں یہاں گاڑیوں کے پھنسنے کا سلسلہ تھم جائے گا۔
ٹیم کا دورہ
ادہم پور سیکٹر میں قومی شاہراہ کی بدترین حالت کا معائنہ کرنے اور اسکا فوری حل تلاش کرنے کیلئے نئی دہلی سے نیشنل ہائی وے اتھارٹی کی ایک اعلیٰ سطحی ٹیم جموں پہنچ گئی۔اعلیٰ سطحی ٹیم نے ادہمپور سیکٹر میں تباہ ہوئی شاہراہ کا جائزہ لینے کیلئے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا۔ان کے ہمراہ کمشنر سیکریٹری پی ڈبلیو ڈی اور آئی جی پی ٹریفک اور دیگر حکام بھی تھے۔ بعد میں ٹیم نے شاہراہ کے دوسرے مقامات کے بارے میں جانکاری حاصل کی۔پروجیکٹ ڈائریکٹر نیشنل ہائے وے اتھارٹی آف نڈیانے دورہ کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ دہلی ہیڈکوارٹر سے نیشنل ہائے وے آتھارٹی آف انڈیا کی ایک اعلیٰ سطحی ٹیم نے ادہمپور سیکٹر میں تباہ ہوئی شاہراہ کا جائزہ لینے کیلئے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا اور ان کے ہمراہ کمشنر سیکریٹری پی ڈبلیو ڈی اور آئی جی پی ٹریفک اور دیگر حکام بھی تھے۔
آج سرینگر سے ٹریفک
ٹریفک حکام نے دیر شام کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ مناسب موسم اور سڑک کی اچھی حالت کی شرط پر آج یعنی بدھ کوصرف سری نگر سے جموں کی طرف چھوٹی گاڑیوں کو چلنے کی اجازت ہوگی۔ ان گاڑیوں کونویگہ ٹنل (قاضی گنڈ کی طرف) سے 6بجے سے 11بجے کے درمیان اجازت دی جائے گی جبکہ کسی بھی مسافر یا مال بردار گاڑی کوجموں/اُدھم پور سے سری نگر کی طرف جانے کی اجازت نہیں ہوگی۔ٹریفک حکام کا مزید کہناہے کہ مناسب موسم اور سڑک کے بہتر حالات کے تحت مال بردار ٹریفک کو نویگہ ٹنل سے جموں کی طرف مسافرگاڑیوں کی جانب نویگہ ٹنلپار کرنے کے بعد قومی شاہراہ پر سڑک کی حالت کا جائزہ لینے کے بعد چلنے کی اجازت ہوگی تاہم مال بردار ٹریفک چھوڑنے سے قبل ٹریفک کنٹرول یونٹ سرینگر کا ٹریفک کنٹرول یونٹ رام بن سے رابطہ کرنا لازمی ہے۔