سرینگر//مزاحمتی قیادت نے کَچھہ ڈورو اور اسلام آباد میں جاں بحق جنگجوئوں اور شہریوں کو شاندار خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے یکم اور دوم اپریل کو مکمل ہڑتال اور بالتریب یکم اپریل نماز عصر اور دوم اپریل نمازِ ظہر کے بعد ان شہداء کے لئے غائبانہ نماز جنازہ ادا کرنے کی اپیل کی ہے۔ مزاحمتی قیادت نے ایک عام شہری سمیت 13 جنگجوئوں کی ہلاکت کے علاوہ سول آبادی کو اپنے غیض وغضب کا نشانہ بناتے ہوئے سینکڑوں عام شہریوں کو شدید زخمی کئے جانے اور تشدد دحائے جانے کی جابرانہ کارروائیوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ان ہلاکت خیز کارروائیوں کے نتیجے میں پوری کشمیری قوم سوگوار ہوچکی ہے۔ مشترکہ مزاحمتی قیادت نے کہا ہے کہ جنوبی کشمیر میں انسانی آبادی کو مسلسل محصور رکھے جانے، خانہ تلاشیوں کے نام پر عام لوگوں کی تذلیل، نوجوانوں کی پکڑ دھکڑ جیسے جابرانہ ہتھکنڈوں سے روز مرہ انسانی زندگی کو اجیرن بنانے کے نتیجے میں کَچھہ ڈورو شوپیان جیسی خونین معرکہ آرائیوں کی تمام تر ذمہ داری بھارت پر عائدہوتی ہے ۔سید علی گیلانی، ڈاکٹر عمر فاروق اور محمد یٰسین ملک نے کہا کہ ریاستی عوام نے 2008، 2009، 2010اور 2016 جیسی پُرامن عوامی اور سیاسی تحریکوں کے ذریعے بھارت کے ارباب حل وعقد کے سامنے اپنی جمہور نوازی کا تاریخی ثبوت فراہم کرکے حقِ خودارادیت کا مطالبہ دہرانے میں کوئی کسر باقی رہنے نہیں دی ہے۔