عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//چیف سیکرٹری مسٹر اتل ڈولو نے کل سول ایڈمنسٹریشن اور پولیس کے سینئر افسران کے ساتھ کھیلو انڈیا واٹر اسپورٹس فیسٹیول ( کے آئی ڈبلیو ایس ایف ) 2025 کے پہلے ایڈیشن کیلئے تیاریوں کا جائیزہ لینے کیلئے اعلیٰ سطحی میٹنگ کی صدارت کی جو کہ 21 سے 23 اگست تک مشہور ڈل جھیل پر منعقد ہونے والا ہے ۔ انہوں نے ہینڈی کرافٹس اینڈ ہینڈ لوم ڈیپارٹمنٹ کو ہدایت دی کہ وہ اس پروگرام کے دوران متوقع مہمانوں کیلئے خطے کی بھر پور کاریگری کو اجاگر کرتے ہوئے اعلیٰ درجے کی نمائشوں کو منظم کریں ۔ انتظامات کا تفصیل سے جائیزہ لیتے ہوئے چیف سیکرٹری نے ایتھلیٹوں کیلئے پنڈال کی تیاری ، کھیلوں کے بنیادی ڈھانچے ،حفاظتی اقدامات ، بورڈنگ اور رہائش کی سہولیات جائیزہ لیا ۔انہوں نے تمام متعلقہ محکموں جیسے سیاحت ، پی ڈی ڈی ، جل شکتی ، ٹریفک ، ہاسپٹیلٹی اینڈ پروٹوکول ، سول ایوی ایشن ، ائیر پورٹ اتھارٹی ، ایل سی ایم اے ، ہینڈی کرافٹس اینڈ ہینڈ لوم ، ایس ڈی آر ایف ، صحت اور فائیر اینڈ ایمر جنسی سروس کے اعلیٰ ترین معیار کے ساتھ ان کی ذمہ داریوں کی فراہمی کی ہدایت دی ۔ کمشنر سیکرٹری یوتھ سروسز اینڈ سپورٹس سرمد حفیظ نے کھیلو انڈیا سرمائی کھیلوں کے پانچ انڈیشنوں کی کامیابی کے ساتھ میزبانی کرنے کے محکمہ کے تجربے کو اپنی طرف متوجہ کرتے ہوئے انہوں نے یقین دلایا کہ 28 ریاستوں /یو ٹیز کے 800 کے قریب ایتھلیٹوں اورعہدیداروں کا استقبال کرنے کیلئے مضبوط انتظامات کئے جائیں جو ایونٹ کے تین دن کے دوران واٹر اسپورٹس کے پانچ ایڈیشنوں میں حصہ لیں گے ۔ سیکرٹری اسپورٹس کونسل نزہت گل نے بریفنگ دی کہ مختلف فنکشنل علاقوں کیلئے کوارڈینیشن کمیٹیاں تشکیل دی گئی ہیں جن مین ایک سرشار سٹیٹ لائیزان آفیسر ( ایس ایل او ) ہر ٹیم کو ان کی معلومات اور ہموار سہولت کیلئے تفویض کیا گیا ہے ۔