سرینگر//محکمہ زراعت کی جانب سے ’آئیں سبزی اگائیں ‘مہم کے تحت عوام کو سبزیوں کی پنیری مہیا کرانے کے سلسلے میں محکمہ زراعت نے کچن گارڈن میں مرچی اور بینگن کی تقسیم کاری کاآغاز کیا۔اس مہم کا مقصد کاشتکاروں تک زیاد ہ سے زیادہ رسائی یقینی بنانا ہے تاکہ کاشتکار اپنے گھر کے ارد گرد خالی جگہوں کو کچن گاڈننگ کیلئے استعمال میں لائیںاور موجودہ حالات میں صحت مند سبزی کی فراہمی یقینی بناسکیں۔ اس موقعہ پر ڈائریکٹر ایگریکلچر کشمیر الطاف اندرابی نے کہا کہ اس عمل کی تقسیم کاری کا بنیادی مقصد دیہی اور شہری علاقوں میں کچن گارڈننگ سرگرمیوں کو فروغ دینا ہے۔ڈائریکٹر نے کہا کہ محکمہ کچن گارڈن اسکیم کوفروغ دینا اور کاشتکاروں کو معیاری سبزی کی فراہمی محکمہ کی ترجیحات میں شامل ہے تاکہ سبزی کی زیادہ سے زیادہ پیداوار ممکن ہوسکے۔ انہوں نے کہا گھریلو ضروریات پوری کرنے کے علاوہ باقی ماندہ مقدار قومی مارکیٹ میں برآمد ہو سکتی ہے۔تقریب کے دوران مختلف تنظیموں کی جانب سے کووڈ19(سماجی دوری)کے حوالے سے جاری کردہ ضروری احکامات پر عمل کیا گیا۔اس موقعہ پر جوائنٹ ڈائریکٹر ایگریکلچر (ایکسٹینشن/ انپٹس) چودھری محمد اقبال، ڈپٹی ڈائریکٹر ایگریکلچر (سنٹرل) امیر الدین اندرابی ، سیڈ پروڈکشن آفیسر منظور احمد شاہ، انچارج کچن گارڈن الطاف احمد و دیگر افسران موجود تھے۔