سری نگر، 30جنوری (یو ا ین آئی) جموں وکشمیر کی وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی اور پولیس سربراہ ڈاکٹر شیش پال وید نے انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) میں جگہ بنانے پر 24 سالہ کشمیری کرکٹر منظور احمد ڈار عرف منظور پانڈو کو مبارکباد پیش کی ہے۔ انہیں 28 جنوری کو آئی پی ایل کے گیارہویں ایڈیشن کے لئے ہونے والی نیلامی میں کنگز الیون پنجاب نے 20 لاکھ روپے کے عوض خرید لیا ۔ منظور پانڈو کشمیر کے کرکٹ شائقین میں ’مسٹر 100 میٹر سکسر مین‘ کے نام سے معروف ہیں۔ محترمہ مفتی نے مائیکرو بلاگنگ کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ایک ٹویٹ میں کہا’آئی پی ایل 2018 میں جگہ بنانے پر منظور احمد ڈار کو میری طور پر مبارکباد اور نیک خواہشات۔ مشکلات اور رکاوٹوں کے باوجود جو کامیابی آپ نے حاصل کی وہ جموں وکشمیر کے نوجوانوں کے لئے مشعل راہ ہے‘۔ ریاستی پولیس نے اپنے آفیشل ٹویٹر اکاؤنٹ پر ایک ٹویٹ میں کہا ’ڈائریکٹر جنرل پولیس نے سکسر مشین کے نام سے معروف منظور احمد ڈار ساکنہ سمبل بانڈی پورہ کو آئی پی ایل (کنگز الیون پنجاب) میں جگہ پانے پر مبارکباد دی ہے۔ ڈی جی پی نے ان کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ وہ نوجوانوں کے لئے ایک اور رول ماڈل بن گئے ہیں‘۔ دریں اثنا شمالی ضلع بانڈی پورہ میں منظور پانڈو کے آبائی گاؤں میں منگل کو مسلسل تیسرے دن بھی جشن کا سماں نظر آیا۔ منظور پانڈو جوکہ ایک عام مزدور کا بیٹا ہے، کا کرکٹ میں اب تک کا سفر آسان نہیں رہا ہے اور اپنے اخراجات پورے کرنے کے لئے انہوں نے ایک نجی موٹر کمپنی میں بحیثیت ’سیکورٹی گارڈ‘ نوکری بھی کی ہے۔ 6 فٹ 2 انچ قد کا منظور وادی کے کرکٹ شائقین میں 100 سے زیادہ میٹر کے لمبے چھکے مارنے کے لئے مشہور ہیں۔