راجااعجاز علی پیپلز کانفرنس میں شامل
سری نگر//پیپلز کانفرنس چیرمین سجاد غنی لون نے دعویٰ کیاہے کہ ایک غیر ریاستی آئی پی ایس آفیسر ریاست کی سیاست میں بے جا مداخلت کا ارتکاب کررہا ہے جس کا نام جلد ہی میڈیا میں مشتہر کیا جائے گا۔انہوں نے کہاکہ اس حوالے سے الیکشن کمیشن آف انڈیا اور مرکزی سرکار کو مکتوب ارسال کریں گے۔اس دوران پی ڈی پی سے علیحدہ ہوئے راجااعجاز علی نے پیپلز کانفرنس میں باضابطہ شمولیت کی ۔تفصیلات کے مطابق پیپلز کانفرنس چیرمین سجاد غنی لون نے سماجی رابطہ گاہ ٹویٹر پر اپنے ایک ٹویٹ میں دعویٰ کرتے ہوئے کہا کہ ریاست میں تعینات ایک غیر ریاستی آئی پی ایس آفسر ریاستی سیاست میں مداخلت کاارتکاب کررہا ہے۔ سجاد لون نے لکھا کہ مذکورہ آئی پی ایس آفسر کی شناخت جلد ہی عوامی حلقے میں مشتہر کی جائے گی۔’’آئی پی ایس آفسر جو کہ ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل آف پولیس کے عہدے پر تعینات ہیں، ریاستی سیاست میں مداخلت بے جا کا مرتکب ہے، جس نے کئی ایس پیز، ڈپٹی ایس پیز کو بلاکر میرے خلاف زمین تنگ کرنے کے حوالے سے اُن کے ساتھ تبادلہ خیال کیا ہے‘‘۔ سجاد لون نے لکھا کہ ’’جلد ہی میں اُن آفسر کا نام عوامی حلقے میں مشتہر کردوں گا لیکن مجھے اُمید ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی، ریاستی گورنر ستیہ پال ملک اور اُن کے صلاح کار کے وجے کمار اس معاملے کا سنجیدہ نوٹس لیں گے‘‘۔پی سی چیرمین نے آئی پی ایس آفسر کی چٹکی لیتے ہوئے کہا کہ ’’اگر انہیں واقعی سیاست میں آنے کا شوق ہے تو انہیں چاہیے کہ وہ اپنے گھر جاکر اپنی ریاست میں الیکشن لڑے‘‘۔ انہوں نے رابطہ سائٹ پر لکھا کہ ’’مذکورہ آفسرکو اس طرح کی حرکات سے باز آجانا چاہیے۔ کیا 1987میں ہوئے انتخابات کے نتائج آج ہم نہیں بھگت رہے ہیں؟کیا ان جیسے لوگوں نے 1987کے الیکشن سے کچھ بھی نہیں سیکھا ہے؟‘‘۔اس دوران پی ڈی پی کے سابق لیڈر راجا اعجاز علی نے اپنے کارکنوں سمیت باضابطہ طور پر سجاد غنی لون کی سربراہی والی پیپلز کانفرنس میں شمولیت اختیار کرلی۔ سابق پی ڈی پی لیڈر اور انسپکٹر جنرل آف پولیس راجا اعجاز علی نے بدھوار کواپنے درجنوں کارکنوں سمیت پیپلز کانفرنس کے سربراہ سجاد غنی لون کی موجودگی میں پیپلز کانفرنس میں باضابطہ طور پر شمولیت اختیار کرلی۔ سابق پی ڈی پی لیڈر و آئی جی پی راجا اعجاز علی سرکاری منصب سے سبکدوشی کے بعد سال 2014میں پی ڈی پی میںشامل ہوئے تھے جس دوران انہوں نے حلقہ انتخاب اوڑی سے الیکشن لڑ کر 19000ووٹ حاصل کئے تاہم چند ہفتے قبل پی ڈی پی سے اختلاف کرتے ہوئے بالآخر پیپلز کانفرنس میں شامل ہوئے۔اس دوران پیپلز کانفرنس نے عرفان انصاری کو سرینگر۔بڈگام پارلیمانی حلقہ انتخاب سے اپنا امیدوار نامزد کیا ہے