نئی دہلی//آل انڈیا فٹبال فیڈریشن نے فیصلہ کیا ہے کہ دفاعی چیمپین منرواپنجاب فٹبال کلب جو رئیل کشمیر کے ساتھ آئی لیگ میچ حفاظتی وجوہات کی بنا پر نہیں کھیلی ،دوبارہ میچ پہلی مرتبہ ٹورنامنٹ میں شامل ٹیم کے ساتھ کھیلے گی۔یہ میچ پہلے18فروری کو کھیلا جانا طے تھا لیکن منروا پنجاب کے سرینگر آنے سے انکار کے بعد نہ ہوسکا۔منرواپنجاب نے بتایا کہ اُ سکے غیر ملکی کھلاڑیوں کو اپنے سفارتخانوں نے پلوامہ حملے کے بعد سرینگر نہ جانے کی صلاح دی ہے ۔منرواپنجاب نے کہا کہ کل ہندفٹبال فیڈریشن کلب کو تحریری طورحفاظت کی یقین دہانی کی ضمانت دینے میں ناکام ہوگئے ۔رئیل کشمیر کا کہنا تھا کہ میچ کے دن سرینگر میں حفاظتی انتظامات محفوظ اور قابومیں ہیں اور ٹیم کی حفاظت کیلئے انتظام کیا گیا تھاجس میں کھلاڑیوں کیلئے ایک بلٹ پروف بس کے ساتھ حفاظتی دستوں کی گاڑیاں بھی ہوائی اڈے پر موجودتھیں۔ تاہم کل ہندفٹبال فیڈریشن کی ہنگامی کمیٹی کو معاملہ ریفر کرنے بعد آئی لیگ کمیٹی نے کہا کہ منروا کے مطالبے پر رئیل کشمیر یا اے آئی ایف ایف نے کھلاڑیوں کی سلامتی اور حفاظت کی کوئی ضمانت یا ٰیقین دہانی تحریری طور نہیں کی ہے ۔کل ہند فٹبال فیڈریشن کی ہنگامی کمیٹی جس میں صدرپرفل پٹیل،نائب صدوراورجنرل سیکریٹری موجود تھے، سوموار کو بتایا کہ میچ 6مارچ کویا اس کے بعددوبارہ شیڈول کیاجائے اورشرکت کرنے والی ٹیموںکیلئے جو مقام موزوں ہو، وہیں پر کھیلا جائے ۔ ہنگامی کمیٹی کا یہ پختہ یقین ہے کہ فٹبال کا سیاست کوئی تعلق نہیں ہے ۔