پرنسپل سیکریٹری فائنانس نے پلو جھاڑا، سیکریٹری آئندہ 10 روزمیں پُر امید
سرینگر // محکمہ سوشل ویلفیئر کی آئی سی ڈی ایس ونگ میں کام کرنے والی1355 خاتون و مردسپروائزر وں ودیگر 141سی ڈی پی اوز اور سینکڑوں ملازمین کی تنخواہیں 8ماہ سے واگزار نہیں کی جا سکی ہیں جس کے مطالبہ کو لیکر ملازمین پچھلے 15روز سے کام چھوڑ ہڑتال پر ہیں۔ اس دوران سرکار نے یقین دلایا ہے کہ اگلے 10روز تک ان ملازمین کی تنخوائوں کا معاملہ حل ہو جائے گا ۔مرکزی اور ریاستی سرکار کی ملازمین کے تئیں غفلت کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ ریاستی سرکار آئی سی ڈی ایس سپروائزر اور محکمہ میں کام کر رہے دیگر مستقبل ملازمین کی تنخواہ 8ماہ بعد بھی واگزار کرنے میں مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے۔آئی سی ڈی ایس سپروائزر ایسویسی ایشن کی صدر مس عابدہ وار نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ اُن کی تنخواہوں کا 90فیصد بجٹ مرکز سے آتا ہے اور 10فیصد ریاستی سرکار دیتی ہے۔انہوں نے کہا کہ مرکزی سرکار کی جانب سے نامعلوم وجوہات کی بنا پراُن کی تنخوائوں کا بجٹ منظور نہیں کیاگیا ہے اور 8ماہ سے وہ تنخواہوں سے محروم ہیں۔انہوں نے کہا کہ وہ پچھلے 15روز سے کام چھوڑ ہڑتال پر ہیں اور جب تک انہیں تنخواہیں ادا نہیں کی جاتی، اُن کا احتجاج جاری رہے گا ۔محکمہ کے ایک اعلیٰ افسر نے کشمیر عظمیٰ کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ ڈائریکٹر سے لیکرکلرک اور چپراسی تک ملازمین تنخواہوںسے محروم ہیں ۔
ڈپٹی ڈائریکٹر کشمیر مس راشدہ نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ پہلے محکمہ کے ملازمین کی تنخواہیں مرکزی سرکار کے بجٹ سے آتی تھیں مگر کچھ ماہ قبل مرکز نے یہ بجٹ روک دیااور تنخواہ کو سٹیٹ بجٹ کے ساتھ منسلک کرنے کو کہا ،جس کے بعد ریاستی سرکارنے فائل جب مرکزی سرکار کو روانہ کی تو وہاں کچھ اعتراضات اٹھائے گئے اور فائل واپس ریاستی سرکار کو بھیج دی گئی ۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی سرکار نے دوبارہ اس کا کام مکمل کر کے فائل مرکزی وزارت خزانہ کو روانہ کی ہے اور اگلے کچھ دنوں میں تنخواہوں کا معاملہ حل ہو جائے گا ۔کشمیر عظمیٰ نے جب محکمہ خزانہ کے پرنسپل سکریٹری نوین کمار چودھری سے اس ضمن میںبات کی ،تو انہوں نے کہا کہ معاملہ سماجی بہبود محکمہ کا ہے اس میں وہ کچھ نہیں کر سکتے ۔ سیکریٹری سماجی بہبود ڈاکٹر فاروق احمد لو ن نے کہا کہ وہ مرکزی سرکار کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں اور منگل کو بھی انہوں نے ویڈیو کال کے ذریعے حکومت ہند سے بات کی ہے ۔انہوں نے یقین دلایا ہے کہ اگلے دس روز تک تنخوائوں کا معاملہ حل ہو جائے گا ۔