عظمیٰ نیوزسروس
ادھم پور// امرناتھ جی یاترا کی تیاریوں کے سلسلے میں، ایک جامع جائزہ میٹنگ آئی جی پی جموں زون، بھیم سین توتی کی صدارت میں رینج ہیڈکوارٹر ادھم پور میں منعقد ہوئی تاکہ تمام متعلقہ ایجنسیوں کی تیاریوں اور باہمی ہم آہنگی کا جائزہ لیا جا سکے اوریاتراکے لیے فول پروف سیکورٹی انتظامات کو یقینی بنایا جا سکے۔میٹنگ کے دوران آئی جی پی جموں زون نے موجودہ سیکورٹی انتظامات کا جائزہ لیا اور تمام متعلقہ ایجنسیوں کو ہدایت دی کہ وہ اعلیٰ ترین سطح کی چوکسی برقرار رکھیں، سیکورٹی پروٹوکول پر سختی سے عمل کریں اور یاترا کے دوران یاتری دوست رویہ اختیار کریں۔ مجموعی سیکورٹی نظام کو مزید مضبوط بنانے کے لیے بہتر ہم آہنگی، انٹیلی جنس پر مبنی کارروائیاں اور پیشگی احتیاطی اقدامات پر زور دیا گیا۔ایس ایس پی ادھم پور کو ہدایت دی گئی کہ وہ لنگروں، قیام گاہوں، ٹرانزٹ کیمپس اور دیگر یاترا سے متعلق سہولیات کا باقاعدہ معائنہ کریں تاکہ سیکورٹی اور حفاظتی اصولوں پر عملدرآمد یقینی بنایا جا سکے۔ تمام حساس مقامات پر مؤثر نگرانی اور سیکورٹی چیکنگ پر خصوصی توجہ دی گئی۔این ایچ اے آئی کے نمائندے کو ہدایت دی گئی کہ نیشنل ہائی وے پر حساس مقامات پر ضروری مشینری، آلات اور ہنگامی بحالی کے وسائل کو حکمت عملی کے تحت تعینات رکھا جائے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری استعمال کیا جا سکے۔ لینڈ سلائیڈنگ، حادثات یا کسی بھی ہنگامی حالت میں سڑک کی رکاوٹوں کو جلد صاف کرنے اور ٹریفک کی بحالی کے لیے مناسب انتظامات کیے جائیں۔میٹنگ میں نیشنل ہائی وے اور یاترا روٹس کی سیکورٹی کو چوبیس گھنٹے نگرانی، سخت ناکہ چیکنگ، گشت اور اضافی سیکورٹی اقدامات کے ذریعے یقینی بنانے پر بھی زور دیا گیا۔ افسران کو ہدایت دی گئی کہ یاترا کے چھوٹے قافلوں کی مؤثر مینجمنٹ اور سیکورٹی کو یقینی بنائیں، کرایہ داروں کی تصدیق اور مردم شماری مہم کو تیز کریں اور تمام اہم یاترا مقامات پر سی سی ٹی وی کوریج کو بڑھا کر 24×7مانیٹرنگ کا نظام قائم کریں۔آئی جی پی جموں زون نے باہمی ہم آہنگی اور اعلیٰ سطح کی آپریشنل تیاری کی اہمیت کو دہراتے ہوئے تمام ایجنسیوں پر زور دیا کہ وہ قریبی تعاون کے ساتھ کام کریں تاکہ یاتراکا محفوظ، پرامن، ہموار اور کامیاب انعقاد یقینی بنایا جا سکے۔