سرینگر//انٹرنیشنل اسلامک سکول کی جانب سے محکمہ سوشل فارسٹری رینج بڈگام کے اشتراک سے کل شجر کاری مہم کا انعقاد کیا گیا۔ شجر کاری انٹرنیشنل اسلامک سکول پیر باغ کے احاطے میں انجام دی گئی جہاں پر مختلف اقسام کے پودے لگائے گئے۔ جن میں کئی نامور اور نایاب درخت بھی شامل ہے۔ تقریب میں متعدد اشخاص نے شجر کاری کی اہمیت پر مفصل روشنی ڈالی۔ تقریب میں سکولی طلاب،عملے کے علاوہ متعدد شخصیات بھی موجود تھیں جن میں پرائیویٹ سکول ایسوسی ایشن کے صدر ڈاکٹر جی این وار، تحصیلدار عمران احمد بٹ، ایگزکیٹو مجسٹریٹ مشتاق احمد ، رینج آفیسر بڈگام سوشل فارسٹری طارق احمد بٹ ، سیکریٹری بورڈ آف ڈائریکٹورس انٹرنیشنل اسلامک سکول شوکت ایچ مرکز ا ، الطاف حسین بٹ، تنویر احمد راتھر ، ظہور احمد خان، بلاک آفیسر بڈگام سوشل فارسٹری جی ایم بٹ، بلاک آفیسر چاڈورہ محمد لطیف ، بلاک آفیسر خانصاحب محمد یعقوب شامل تھے۔ڈاکٹر جی این وار نے شجر کاری مہم کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ماحولیات کے توازن کو برقرار رکھنے اور ماحولیاتی آلودگی کوکم کرنے کیلئے زیادہ سے زیادہ پودے لگائے جائیں۔ انہوںنے کہا کہ وادی کشمیر میں جنگلات کو کافی نقصان پہنچایا گیا ہے جس کی برپائی لازمی ہے۔