بارہمولہ//ضلع بارہمولہ کے اوڑی قصبہ میںفوج کی طرف سے ٹریفک چک پوسٹ (ٹی سی پی) پر بندشوں کی وجہ سے متعدد دیہات بُری طرح سے متاثر ہورہے ہیں جس کی وجہ سے یہ دیہات شام ہوتے ہی باقی دنیا سے منقظع ہوتے ہیں ۔یا د رہے کہ گزشتہ سال اوڑی میں فوجی کیمپ پر ایک فدائین حملہ ہوا تھا جس میں چار جنگجو اور 17 فوجی اہلکار ہلاک ہوگئے تھے ۔جس کے بعد فوج نے متعدد دیہات جن میں چرنڈہ ،بٹنگی ،صورہ ،ہتلنگا،سلی کوٹ ،باڈا ،سنگھ ٹینگ ،گولن ،گولتا ،نوارنڈہ کمل کوٹ ،اشم ،چاکر،جبلہ ،سلطان ڈھکی کے علاوہ کئی دیہات شامل ہیں،کے لوگوں کی نقل و حمل پرشام ہوتے ہی سخت بندشیں لگائی گئیں ۔ایک مقامی شہری لیاقت حسین نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ ان بندشوں کی وجہ سے ہماری روز مرہ کی زندگی پر بہت بُرا اثر پڑ تا ہے ۔مقا می لوگوں نے بتایا کہ سرحدی شناختی کارڑ ہونے کے باوجود یہاں کے لوگوں کی نقل و حرکت پر پابندی ہے اور ستم ظریفی کی بات یہ ہے کہ ہنگامی صورتحال میں بھی اپنے احباب و اقارب کی خیریت نہیں پوچھ سکتے ہیں ۔غور طلب ہے کہ ایسی بندشیں مقامی تاجروں کو بھی بُری طرح سے متاثر کرتی ہیں کیونکہ کوئی بھی مال بردار گاڑی چک پوسٹ کو پار نہیں کرسکتی ، جس کی وجہ سے مقامی تاجر برادری کو کافی نقصان ہورہا ہے۔ ادھر ضلع مجسٹریٹ بارہمولہ ڈاکٹر ناصر احمد نقاش نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ ایسا کوئی مسئلہ ہی نہیں ہے ۔انہوں نے کہا کہ صرف چرنڈہ نامی گائوں میں اس طرح کی شکایت آئی تھی جس کوحل کیا گیا ۔